بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ نارواسلوک پرتشویش ہے : وزیرخارجہ

اسلام آباد : وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ، بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک برتا جا رہا ہے اس پر ہمیں بے حد تشویش ہے ۔

وزیرخارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے جب بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو منظر عام پر لانا چاہا تو انہیں اتنا مجبور کیا گیا کہ انہیں بھارت میں اپنے دفاتر بند کرنا پڑے، ان کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جس طرح انسانی حقوق کی پامالیاں جاری رکھی ہوئی ہیں وہ ایک المناک داستان ہے اور اسے بھارت پوشیدہ رکھنا چاہ رہا تھا ۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ظلم و ستم کو بے نقاب کیا اور دہلی میں ہونیوالے حالیہ فسادات میں پولیس کے گٹھ جوڑ اور پشت پناہی کا پردہ چاک کیا۔یہی دو چیزیں بھارت کو ناگوار گزریں اور انہوں نے حیلوں بہانوں سے (unlawful activity prevention act2019 ) کی آڑ میں ان پر بے جا پابندیاں لگانا شروع کر دیں۔ آج ہیومن رائٹس کونسل کو انسانی حقوق کی تنظیموں پر لگائی  جانے والی قدغنوں اور بے جا پابندیوں کا نوٹس لینا چاہیے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جتنی انسانی حقوق کی تنظیمیں ہیں انہیں اس بھارتی رویے کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے، آج بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ دعویٰ تھا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جمہوریت میں وہ سلوک روا نہیں رکھا جاتا جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے اور معصوم شہریوں کے ساتھ رکھا جا رہا ہے  ۔ جمہوریت میں اقلیتوں کے ساتھ وہ ناروا سلوک نہیں برتا جاتا جو بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے ہوئے ہے۔

موٹر وے جیسے واقعات روکنے کیلئے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ

سانحہ موٹر وے سانحہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

پی ایم ڈلیوری یونٹ نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن کے لیے الگ نظام تشکیل دیا جائے گا۔

کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں پورے ملک کے لیے ایک ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ہیلپ لائن ٹول فری نمبر کے قیام کو 2 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبرز کو نئےنظام سے منسلک کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ملک کی تمام موبائل کمپنیوں سے معاونت حاصل کی جائے گی۔

پی ایم آفس کے مطابق نظام کو موثر اور مستحکم بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی، اور قانون سازی کے لیے صوبوں سے بھی مشاورت ہو گی۔

صدارتی مباحثہ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان گالم گلوچ تک جا پہنچا

امریکا میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے پہلے صدارتی مبا حثے میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے ٹرمپ اور جوبائیڈن نے گالم گلوچ اور طوفان بدتمیزی مچاکر ساری حدیں پار کردیں۔

صدارتی مباحثے کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور حریف جو بائیڈن نے ایک دوسرے پرالزامات کی بوچھاڑ کر دی اور اس دوران  جو بائیڈن نے ٹرمپ کو شٹ اپ کال دیدی ۔

 ٹرمپ نے بائیڈن کو ماضی یاد دلا کر جھڑک دیا اور کہاکہ شاید انتخابی نتائج آنے میں کئی ماہ لگ جائیں اس پر  جوبائیڈن نے کہاکہ وہ نتائج تسلیم کر لیں گے لیکن ٹرمپ نے سوال کا جواب نہیں دیا۔

امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہاکہ ہرشخص جانتا ہےٹرمپ جھوٹےہیں، وہ ٹرمپ صحت سے متعلق مسائل پر جھوٹ بولتے رہے، ان کے پاس ہیلتھ کیئر سے متعلق کوئی پلان نہیں، ٹرمپ کو معلوم ہی نہیں ہوتا وہ کیا بات کررہے ہیں۔

جوبائیڈرن نے کورونا وبا سے اموات اور کیسز میں اضافے کا ذمے دار ٹرمپ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے اسکول ٹیچر سے بھی کم ٹیکس دیا۔

جوبائیڈن نے ٹرمپ کو مسخرا، نسل پرست اور روسی صدر کی کٹھ پتلی کہتے ہوئے امریکا کا بدترین صدر بھی قرار دیا۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کی کووڈ 19 کےخلاف موثر اقدامات پر پاکستان کی تعریف

عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس سے متعلق پاکستان میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کردی۔

خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیدروس ادھانوم نے کہا کہ پاکستان نے وبائی بیماری کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور ساتھ ہی معیشت میں استحکام کے لیے کام کیا۔

برطانوی آن لائن اخبار ‘دی انڈیپنڈنٹ’ کے ایک کالم میں ٹیدروس ادھانوم نے کہا کہ پاکستان نے کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیو کے انفرااسٹرکچر کو استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘کمیونٹی ہیلتھ ورکرز جنہیں گھر گھر جاکر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے بچوں کو تربیت دی گئی ہے انہیں دوبارہ ملازمت فراہم کرکے ان سے نگرانی سمیت امور سرانجام کرائے’۔

سربراہ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اس حکمت عملی سے ‘وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا تاہم جیسے ملک مستحکم ہوتا جا رہا ہے معیشت بھی اب ایک بار پھر بہتر ہورہی ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ردعمل سے اس سبق کو تقویت ملتی ہے کہ یہ انتخاب وائرس پر قابو پانے یا معیشت کو بچانے کے درمیان نہیں تھا۔

ٹیدروس ادھانوم نے وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے تھائی لینڈ، اٹلی اور یوروگے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے ویکسین کی تیاری سے متعلق حوصلہ افزا علامتیں کا تذکرہ بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا اب جبکہ دنیا سائنسی کامیابیوں کے منتظر ہے تو صحت عامہ کے ثابت شدہ اقدامات کے ذریعے کورونا وائرس موثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘اب تک 10 ملین افراد کوویڈ 19 سے اپنی جانیں کھو چکے ہیں اور بہت سے لوگ وبائی امراض کی وجہ سے دوچار ہیں۔

ٹیدروس ادھانوم نے کہا کہ یہ مرحلہ دنیا کے لیے ایک مشکل لمحہ ہے لیکن ایسی علامتیں ہیں جو ہمیں حوصلہ دیتی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیدروس ادھانوم نے ہاتھ دھونے، ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

سربراہ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ یہ ایک لمحہ ہے کہ ہم سب کو اس وائرس کے خلاف یکجہتی کے ساتھ لڑنا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا کی معیشت کو متاثر کرنے والی، سفارتی تعلقات کشیدہ اور بھارت کی کچی بستیوں سے لے کر نیویارک شہر تک کو لپیٹ میں لینے والی وبا کورونا وزئرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں دنیا بھر میں انتقال کر جانے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

پہلی مرتبہ چین کے شہر ووہان میں سامنے آنے والے وائرس کے بعد 9 ماہ کے عرصے میں اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے متعدد اقدامات کیے گئے جن میں اسکولز، کاروباری مراکز، تفریحی تقریبات اور بین الاقوامی سفر کو معطل کرتے ہوئے سختی سے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اگر بات کی جائے پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے موجودہ صورتحال کی تو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم کچھ روز سے چند مقامات پر کیسز میں اضافے کے بعد فعال کیسز کی تعداد کچھ حد تک بڑھ گئی ہے۔

ملک میں اب تک اس عالمی وبا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 516 ہے جس میں سے 2 لاکھ 96 ہزار 340 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 474 کا انتقال ہوا ہے۔

29 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کے 297 کیسز اور 5 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 318 مریض شفایاب ہوگئے۔

مودی کے اوچھے ہتھکنڈے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کا دفاتر بند کرنے کا اعلان

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشل کو کام سے روک دیا،عملے کو بھی ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔

بھارتی حکومت کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی ہے، مودی سرکار کے مکروہ عزائم بے نقاب کرنے والی ایمنسٹی انٹرنیشنل کو کام سے روک دیا گیا۔

تنظیم کے جانب سے کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے تنظیم کے بینک اکاؤنٹ منجمد کروا دیئے ہیں۔ بھارتی حکومت نہیں چاہتی کہ ان سے کشمیر اور دلی میں ہونے والےمسلم کش فسادات پرسوال کیا جائے۔

واضح رہے کہ بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی کو چھپانے کیلئے ایسے کئی اقدامات اٹھا چکی ہے بلکہ کنٹرول لائن پر مسلسل گولہ باری اور فائرنگ سے سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے اقوام متحدہ کے مبصرین کی تعیناتی سے بھی مسلسل انکاری ہے۔ گزشتہ دنوں بھارت میں گئے 11 پاکستانیوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا جس پر بھارتی حکومت تاحال کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکی۔

وزیراعظم نے حافظ طاہر اشرفی کو نمائندہ خصوصی مذہبی ہم آہنگی مقرر کردیا

حافظ طاہر اشرفی کا عہدہ اعزازی ہوگا، حافظ طاہراشرفی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے حافظ طاہر اشرفی کو نمائندہ خصوصی مذہبی ہم آہنگی مقرر کردیا، حافظ طاہراشرفی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، طاہر اشرفی کا عہدہ اعزازی ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کو نمائندہ خصوصی مذہبی ہم آہنگی مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔مولانا طاہر اشرفی کی تعیناتی فوری طور پر عمل میں آئے گی اور ان کا عہدہ اعزازی ہوگا۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی کی مذہبی ہم آہنگی سے متعلق خدمات اور حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کی ترجمانی کا بہترین کردار رہا ہے۔ طاہر اشرفی نے گزشتہ روز وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب پر بھی بھرپور ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام مسائل اور ایشوز پر کھل کربات کی۔

وزیر اعظم نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی ترجمانی کی اور سب کے دل جیت لئے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے برما، فلسطین، کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کا معاملہ اقوام عالم میں اٹھایا۔ کلام اللہ سے لیکر ناموس رسالتؐ تک سب معاملات پر وزیر اعظم نے بات کی۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ فخر ہے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم نے امہ کی ترجمانی کی۔ انہوں نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں عالمی دنیا ہندوستان میں گیارہ پاکستانی ہندو برادری کے افراد کے قتل کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے ، ہندوستان میں اقلیتوں کے حقوق پر مظالم کا سلسلہ شب و روز بڑھ رہا ہے ، پاکستان سے جانے والے ہندو ، سکھ اور مسلمانوں کو جاسوسی پر آمادہ نہ ہونے پر اذیتیں دی جاتی ہیں، اقوام متحدہ عالمی انسانی حقوق کے ادارے قتل کیے جانے والے پاکستانی ہندو برادری کے افراد کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں ، پاکستان کا آئین اور قانون غیرمسلموں اور مسلموں کے حقوق کا محافظ ہے ، پاکستانی ہندو برادری کے افراد کے ہندوستان میں قتل کیے جانے کے خلاف پاکستان کے تمام مذاہب و مسالک کا وفد اقوام متحدہ کے دفتراسلام آباد میں احتجاجی خط پیش کرے گا۔

اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں گے،عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے  اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں او رعلاقے کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ون مین شو کے ذریعے تمام اختیارات اپنی ذات تک محدود کئے رکھے جبکہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و باؤز ہیں ،انہیں عزت و احترام دیں گے۔

عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ شور مچانے والے عناصر کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں جبکہ لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا-

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں جبکہ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے  سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے۔

اراکین اسمبلی نے مزید کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں جبکہ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب ٰعثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں چودھری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین،  محمد فیصل خان  نیازی اور میاں جلیل احمد  شرقپوری ، چودھری محمد یونس انصاری بھی شریک ہوئے۔

حکومت نے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز مسترد کردی

حکومت نے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز مسترد کردی۔  

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کی احتساب بیورو کی تجویز مسترد کردی۔ نیب نے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور پراسیکیوٹر جنرل کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز دی تھی۔

وزارت قانون وانصاف کا کہنا تھا کہ ترمیم کیلئے ٹھوس وجوہات پیش نہیں کی گئیں، تینوں عہدوں کی مدت ملازمت دیگر خودمختار اداروں کے سربراہان کے مطابق ہے، دیگر اداروں سے ہم آہنگی پر مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہو سکتی۔

منصوبوں کی تکمیل سے معیشت اور روزگار کو فروغ ملے گا، محمود خان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل سے معیشت اور روزگار کو فروغ ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت انڈسٹریل روڈ میپ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے شعبہ صنعت میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ صوبے میں سات انڈسٹریل فسیلیٹیش سنٹرز فعال ہے جبکہ ازمک کے تمام زونز دفاتر فسیلیٹیش سنٹرز میں تبدیل کر دئے گئے ہیں اور جلوزئی اکنامک زون کے تحت تمام صنعتی پلاٹس ایک ماہ کے اندر فروخت کیے گئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نوشہرہ،ڈی آ ئی خان اور چترال اکنامک زونز بھی کمرشل اجراء کے لیے تیار ہیں جبکہ غازی اکنامک زون دسمبر 2020 تک کمرشل اجراء کے لیے دستیاب ہو گا۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ3125 ایکڑ رقبے پر مشتمل درابن اکنامک زون کے لیے انٹر نیشنل ٹینڈر کا عمل شروع ہے جبکہ سی پیک روٹ سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع درابن اکنامک زون تقریباً 400 صنعتی یونٹس پر مشتمل ہو گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے اجلاس میں درابن اکنامک زون کو سی پیک کے لیے تجویز کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے کہا کہ صنعتکاروں کو کاروبار دوست ماحول اور ون ونڈو آ پریشن کے تحت سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے مزید کہا کہ صوبہ صنعت وتجارت کا حب بننے کی پوری استعداد رکھتا ہے جبکہ منصوبوں کی تکمیل سے معیشت اور روزگار کو فروغ ملے گا۔

امارات کا چاند پر مشن بھیجنے کا اعلان

ویب ڈیسک : متحدہ عرب امارات  کی جانب سے  2024 تک چاند پر خلائی جہاز روانہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 عرب  خبررساں  ادارے کے مطابق امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے فرماں روا شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹوئٹ کے ذریعے اعلان کرتے ہوئے مشن کے حوالے سے آگاہ کیا کہ امارات چاند گاڑی تیار کررہا ہے جو 2024 میں چاند پر اتر جائے گی اور چاند کے ان علاقوں میں نئی دریافتیں کرے گی جو اس سے قبل بھیجے گئے انسانی مشنز میں ممکن نہیں ہوسکی ۔

 اس مشن سے حاصل ہونا والے  ڈیٹا کا تبادلہ عالمی سطح پر تحقیقی مراکز اور اداروں کے ساتھ کیا جائے گا۔

دبئی کے فرمانروا نے یہ بھی اعلان کیا کہ چاند پر بھیجی جانے والی گاڑی کو ان کے مرحوم والد شیخ راشد بن سعید المکتوم سے موسوم کرکے ’راشد‘ کا نام دیا جائے گا۔

فرمانروا شیخ محمد بن راشد الممشن کے لیے بنائی جانے والی گاڑی سو فیصد مقامی انجینیئر تیار کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امارات امل(امید) کے نام سے مریخ کے لیے بھی ایک مشن روانہ کرنے کا علان کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ اگر متحدہ عرب امارات چاند پر پہنچنے کے اپنے مشن میں کامیاب ہوجاتا ہے تو امریکا، سابق سوویت یونین اور چین کے بعد چاند پر پہنچنے والا چوتھا ملک  بن جائے گا  ۔

نواز شریف کو برطانوی حکومت کی مدد سے واپس لائیں گے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  نوازشریف کو برطانوی حکومت کی مدد سے واپس لائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نوازشریف کو واپس لانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  کسی کو این آر او نہیں ملے گا، کرپشن پر کسی کو معافی نہیں دی جاسکتی۔ نوازشریف کو ہر صورت پاکستان واپس لائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ  نوازشریف کو واپس لانے کے لیے قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں۔ نوازشریف کو برطانوی حکومت کی مدد سے واپس لائیں گے۔

کابینہ ارکان نے  نوازشریف کو وطن واپس لانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کو رائے دی کہ  نوازشریف کی وطن واپسی کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھا جائے۔

وزیراعظم نے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ  لینے کا حکم دے دیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سیاسی کمیٹی بھی تشکیل دی ۔ سیاسی کمیٹی وفاقی وزرا ءپر مشتمل ہوگی، کمیٹی اپوزیشن کی تحریک سمیت تمام سیاسی معاملات کو دیکھے گی۔

کمیٹی میں  اسدعمر ، شفقت محمود،شیخ رشید ، شہزاد اکبر، بابر اعوان اور فواد چوہدری شامل ہیں۔

چیچہ وطنی میں ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

چیچہ وطنی ویب ڈیسک : کمالیہ روڈ پر نئی آبادی کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیچہ وطنی میں کمالیہ روڈ پر نئی آبادی کے قریب ٹرالر کار پر الٹنے کے باعث 6 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 3 خواتین، 2مرد اور ایک بچہ بھی شامل ہیں، واقعہ کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو کار سے نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جب کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تیز رفتار ٹرالر کا ٹائر پھٹنے سے ٹرالر کار کے اوپرالٹ گیا جس کے باعث کار میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے تاہم حادثے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے قریب کمالیہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

پی ایس ایل میچ فکسنگ کیس میں تین ملزمان کی ضمانت

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )میچ فکسنگ کیس میں تین ملزمان کی ضمانت منظور ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)2020 میں میچ فکسنگ اور منی لانڈرنگ کے کیس میں بین الاقوامی گروہ سے تعلق رکھنے والے بکیوں میں شامل تین ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے پی ایس ایل 2020 میں میچ فکسنگ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے  میں بین الاقوامی گروہ سے تعلق رکھنے والے بکیوں میں شامل تین ملزمان کو جیل سے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت  نے تینوں ملزمان کو 5،5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا  ہے۔

عدالت نے اپنے حکم  میں مزید کہا ہے کہ ملزمان اگر ضمانت کا غلط استعمال کریں تو ٹرائل کورٹ ملزمان کی ضمانت منسوخ کرسکتی ہے۔ ماتحت عدالت تین ماہ میں کیس نمٹائے ۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میچ فکسنگ  کیس   میں فیصل عرف چٹا سمیت 13 ملزمان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے ۔

دبئی اور بین الاقوامی بکیوں کے گروہ نے پاکستان کی بدنامی کا پلان بنایا تھا ۔پی ایس ایل 2020 میں بکیوں نے ایک کرکٹر سے بھی رابطہ کیا تھا ۔

ایف آئی اے نے ملزمان  کو گرفتار کرکے قبضے سے موبائل فونز اور اہم شواہد حاصل کیے تھے۔