قومی کپتان سرفراز احمد کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے انگلینڈ روانہ

کراچی(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کانٹی کرکٹ کھیلنے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔آئی سی سی چیمپئینزٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد آئندہ ماہ انگلینڈ میں یارک شائرکانٹی کی جانب سے ایکشن میں نظرآئیں گے، سرفرازاہل خانہ کے ہمراہ کراچی سے لندن روانہ ہوگئے۔یارک شائرنے5میچزکیلئے سرفرازاحمد کی خدمات حاصل کی ہیں، سرفرازاحمد کانٹی کرکٹ کھیلنے والے پہلے پاکستانی وکٹ کی پرہوں گے جبکہ یارک شائرکی نمائندگی کرنےوالے تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ان سے قبل انضمام الحق اوریونس خان یارکشائرکی جانب سے کھیل چکے ہیں، قومی کپتان کانٹی کے بعد کیریبین پریمئیرلیگ میں شرکت کیلئے ویسٹ انڈیزروانہ ہوجائیں گے۔

ہندوستانی بورڈ کی ویرات کوہلی کو پبلک سیکٹر میں ملازمت چھوڑنے کی ہدایت

ممبئی(بی این پی ) ہندستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو پبلک سیکٹر میں ملازمت چھوڑنے کی ہدایت کردی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن لمیٹڈ میں منیجر کا عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ نجی کمپنی سے وہ بھاری تنخواہ لیتے ہیں جوکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے آئین سے متصادم ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ملازمین کا بونس گورننگ باڈی کو کھٹکنے لگا

لاہور(آئی این پی) چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر پی سی بی ملازمین کو ملنے والا بونس گورننگ بورڈ کو بھی کھٹکنے لگا۔جمعے کے روز لاہور میں منعقدہ پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ کی اندرونی کہانیاں سامنے آ گئی ہیں، ذرائع نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر بورڈ ملازمین کیلیے بونس پر ایک رکن نے اعتراض کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کون سا میدان بھی اترے تھے کہ بونس دیا جائے، اس پر انھیں جواب دیا گیا کہ ملکی تاریخ میں تیسری بار قومی ٹیم نے کوئی آئی سی سی ٹائٹل جیتا لہذا انعام تو بنتا ہی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈرافٹ سسٹم لانے کی تجویزپر شکیل شیخ کی اعجاز فاروقی سے خاصی گرما گرمی ہوئی۔اعلی حکام کی آنکھ کا تارا بنے ہوئے اسلام آباد کے آفیشل کا یہ آخری گورننگ بورڈ اجلاس تھا، ڈومیسٹک کرکٹ میں حالیہ تبدیلیاں بھی انھوں نے ہی کی ہیں، اس موقع پر ایک رکن نے تجویز پیش کی کہ کرکٹ کیلئے خدمات پر شکیل شیخ کو کوئی ذمہ داری سونپی جائے، مگر نجم سیٹھی نے واضح جواب دینے سے گریز کیا۔ایجنڈے میں امپائر اکرم رضا کی پابندی ختم کرنے کا معاملہ رکھنے پر بعض ارکان نے سخت احتجاج کیا۔

روسی ٹینس اسٹار ارینا روڈیونووا کو سوشل میڈیا پر بد دعائیں

ماسکو(یو این پی) روسی ٹینس کھلاڑی ارینا روڈیو نووا کو جیانگزی اوپن کے کوارٹر فائنل میں زین یون ہان کیخلاف شکست کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بد دعائیں ملنے لگیں۔انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بلا شبہ وہ اپنی بہترین پرفارمنس سے قاصر رہیں مگر سوشل میڈیا پر ان کے علاوہ فیملی کی کینسر سے موت کی خواہش رکھنے والوں کو بتانا چاہتی ہیں کہ ایسے پیغامات سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ وہ اتنی جلدی مرنے والی نہیں ہیں لہٰذا وقت برباد نہ کیا جائے۔ اٹلانٹا اوپن میں ناکامی پر گائیڈو پیلا کو بھی دھمکیاں ملی ہیں۔

بھارتی سازش ، سری لنکا کا پاکستان پر ایک اور وار

کولمبو(آئی این پی)سری لنکا نے بھارتی ایما پر آزادی کپ سے گرین شرٹس کا پتا صاف کردیا۔سری لنکا نے رواں برس کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ آئندہ برس مارچ میں اپنے70ویں یوم آزادی پر وہ ایک 4ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ منعقد کرے گا جس میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے ساتھ پاکستان کا نام بھی لیا گیا تھا، مگر اب اس ٹورنامنٹ کو ٹرائنگولر سیریز تک محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایما پر نہ صرف پاکستان کو اس ایونٹ سے نکال دیا گیا بلکہ جنوبی افریقہ کو بھی اب شامل نہیں کیا جا رہا، اس کی جگہ بنگلہ دیش کو دی جائے گی۔ اس وقت بھارتی ٹیم سری لنکا کے ٹور پر ہے اور ٹیسٹ سیریز کے بعد 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے گی۔واضح رہے کہ فیوچر ٹور پروگرام کے تحت سری لنکا کو بھارت کا جوابی مکمل ٹور آئندہ برس فروری مارچ میں کرنا تھا تاہم اس نے بھارت کو راضی کیاکہ وہ رواں برس کے آخر میں ہی اس کی فل سیریز کیلیے میزبانی کرے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی ٹیم کو اسی عرصے میں جنوبی افریقہ کا بھی ٹور کرنا ہے، پروٹیز بورڈ کی یہ خواہش ہے کہ بھارتی ٹیم کے ساتھ وہ26 دسمبر کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلے مگر بی سی سی آئی اسے بھی انتظار کی سولی پر لٹکائے ہوئے ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نومبر، دسمبر میں سری لنکا کی میزبانی کرے گا اور اس کے بعد ہی ٹیم جنوبی افریقہ جائے گی، ان دونوں سیریز کے پروگرام کا رواں ہفتے اعلان متوقع ہے۔ادھر سری لنکن ٹیم موجودہ سیریز کے بعد یو اے ای جائے گی جہاں پر پاکستان کے ساتھ ستمبر اکتوبر میں مکمل سیریز شیڈول ہے،اس کے بعد ٹیم کا بھارت جانے کا ارادہ ہے۔

وسیم نے پانامہ کے باکسر کو ناک آﺅٹ کر دیا

پانامہ (آئی این پی)پاکستانی چیمپیئن باکسر محمد وسیم نے ملک کے لیے کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے پاناما کے باکسر کو تیسرے ہی راﺅنڈ میں ناک آﺅٹ کرکے فائٹ جیت لی۔محمد وسیم اس وقت ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی)کی سلورفلائی ویٹ کیٹگری میں عالمی نمبر ایک باکسر ہیں اور انہیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے وسطی امریکی ملک پاناما کے باکسر ایوان ٹریجوس (Ivan Trejos) کا چیلنج درپیش تھا۔فائٹ کے آغاز سے ہی محمد وسیم نے بجلی کی سی تیزی اور چیتے جیسی پھرتی دکھاتے ہوئے حریف کھلاڑی پر تابڑ توڑ مکے بازی شروع کردی۔محمد وسیم کے ون ٹو ون پنچزایوان ٹریجوس کو میچ کے ابتدائی لمحات سے ہی شکست کی جانب دھکیلتے رہے اور تیسرے ہی راﺅنڈ حریف باکسر کو ناک آﺅٹ کردیا۔اپنی جیت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں محمد وسیم نے کامیابی حاصل کرنے پر اللہ کا شکرادا کیا جبکہ انہوں نے ان کے لئے دعائیں کرنے والے شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔اپنی جیت کے ساتھ ہی محمدوسیم نے ڈبلیو بی سی سلورفلائی ویٹ کیٹگری میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔پروفیشنل باکسنگ میں محمد وسیم کی یہ مسلسل ساتویں کامیابی ہے جبکہ وہ اب تک ناقابل شکست ہیں۔کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم 17 جولائی 2016 کو جنوبی کوریا کے شہر سیﺅل میں ہونےوالے مقابلے میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر سلور بیلٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بن گئے تھے۔بعد ازاں نومبر میں محمد وسیم نے سیﺅل میں ہی ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔گذشہ ماہ جون میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ میں محمد وسیم کو فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک باکسر بنے کا اعزاز حاصل ہوا جسے انہوں نے اپنے اور ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا تھا۔خیال رہے کہ رواں ماہ 6 جولائی کو محمد وسیم نے پاناما کے ایلیسر والڈیز کو دوسرے ہی رانڈ میں ناک آٹ کرتے ہوئے 8 رانڈز پر مشتمل فائٹ جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔اسپانسر شپ کے مسائل کے سبب چھ ماہ تک فیلکن خان کے نام سے مشہور محمد وسیم باکسنگ رنگ سے دور رہے تھے۔محمد وسیم کے پروموٹر کا کہنا ہے کہ وسیم کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چیمپیئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چیمیپئن جاپان کے ڈیگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ گولڈ فلائی ویٹ ٹائٹل کے لیے رواں سال کے آخر میں جاپان کے باکسر ڈیاگو اومیگا سے محمد وسیم کی فائٹ متوقع ہے۔

نواز شریف کی نا اہلی سے جمہور یت اور پارلیمنٹ کو خطرہ نہیں

لاڑکانہ (بیورورپورٹ) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی احتساب پر یقین رکھتی ہے نواز شریف کے خلاف فیصلے سے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حکومت سندھ صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے میں وزیر اعلی پنجاب سمیت تینوں صوبوں کے وزیر اعلی کو چیلنج کرتا ہوں کہ ایسا ادارہ اپنے صوبوں میں بنا کر دکھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوا رکو لاڑکانہ میں این آئی سی وی ڈی سینٹر کے افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ کی عوام نے پی پی پی کیلئے لاتعداد قربانیاں دیں ہمیں بھرپور عزت دی جن کا ہم پر قرض ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 میں چانڈکا میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی جس وقت یہ سہولیات صرف ملک کے بڑے بڑے شہروں میں موجود تھیں پی پی پی حکومت ان کے مشن کو آگے اسپتالوں وکو اپ گریٹ کرنے کے ساتھ صحت کی بنیادی سہولیات صوبے کے کونے کونے میں فرائم کر رہی انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بہتر نتائج دے رہی ہے اور ان پر اعتماد کے باعث ہی ایسے ادارے بن رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ نے اپنے دور اقتدار میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بھرتی کرکے صوبے کے گھر گھر تک صحت کی سہولیات فراہم کیں تھیں انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی ایک اچھا ادارہ ہے جو بہتر کام کرتا ہے جو قریبی اضلاع کے لوگوں کو بھی سہولیات مفت فراہم کرے گا نئی عمارت کی تعمیر کے کارڈیالوجی سرجری بھی شروع کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد 2011 میں این آئی سی وی ڈی وفاق سے صوبے کے حوالے اور رواں سال ہم نے اس کا بجٹ چار ارب روپے بڑھا کے 5.8 ارب روپے کردیا ہے کراچی کے بعد رواں سال لاڑکانہ سکھر،ٹنڈو محمد خان اور سکھر میں یہی سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں جبکہ اگلے سال میرپورخاص خیرپور اور بوابشاہ میں یہ مراکز قائم ہوں گے انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ہم خود کو کمزور محسوس کرتے ہیں وہیں پرائیوٹ سیکٹر اور نجی اسپتالوں کے ساتھ مل عوام کو صحت کی مطلوبہ سہولیات فراہم کر رہے ہیں سندھ میں پی پی پی 1970 سے عوام کی حمایت یافتہ ہے ہم آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی سرپرستی میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں دیگر سیاستدان صف باتیں اور ہم کام کرتے ہیں جس کی مثال ایسی اداروں کا قیام ہے اس موقع پر نثار کھوڑو ڈاکٹر سکندر میندرو و دیگر بھی موجود تھے۔

پے درپے فلموں کی ناکامی‘ادتیا رائے نے کرن جوہر سے مدد مانگ لی

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ کے مشہور اداکار ادتیا رائے نے ایک کے بعد ایک فلم کی ناکامی پر کرن جوہر سے مدد مانگ لی ہے۔اب تک ادتیا کی فلم یہ جوانی ہے دیوانی اور عاشقی 2 کامیابی حاصل کرسکی ہے لیکن اب ان کا کیریئر پستی کا شکار ہے کیوں کہ اداکار کی 2 فلموں کے بعد کوئی فلم بالی وڈ پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔ادتیا رائے کی فلم فتور اور اوکے جانو بھی مداحوں کو سینما گھروں کی طرف لانے میں ناکام ہوئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ادتیا فلم کی لگاتار ناکامیوں کے نتیجے میں اپنا کیریئر خطرے میں محسوس کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے انڈسٹری کے نامور ہدایت کار کرن جوہر سے مدد مانگ لی ہے۔کرن جوہر نے ادتیا سے اپنی دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے انہیں فلموں کے انتخاب اور کرداروں کے حوالے سے مشورے دیئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کےمطابق اداکار ادتیا رائے کے آنے والے نئے پروجیکٹ بھی کوئی دلچسپ ثابت نہیں ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں بھاری قیمت چکانے کا خدشہ ہے۔

ندا ملک کا ”حسینوں کے نخرے “ ڈرامہ میں جادو چل گیا

لاہور (شوبز ڈیسک) اسٹیج کی نامور اداکارہ ندا ملک نے پنجاب ہال باغ جنا ح میں اسٹیج ڈرامہ ،،حسینوں کے نخرے ،،میں شاندار ڈانس پرفارمنس دے کرمیدا ن جیت لیا۔ہال میں موجود شائقین نے ندا ملک کو اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر اور تالیاں بجا کر بھر پور داد دی ۔اس ڈرامہ کے دیگر فنکاروں میں نینا چوہدری ،بلبل،چاہت،فضہ شاہ ،رحمان شوکی عمران بیگ ،دانیال مغل،نزیر جانی ،حمزہ بٹ اور طفیل لہر شامل ہیں ۔ ہمارے نمائندے سے ایک ملاقات میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ اج میں جس مقام پر ہوں یہ اللہ پاک کا کرم اور میری محنت کا نتیجہ ہے اس موقعہ پر ندا ملک نے یہ بھی کہا کہ میں 10اگست کو 15روزہ دورے پر لندن جا رہی ہو ں اور واپس آتے ہی اپنی شوبز سرگرمیاں جاری کر دونگی۔

صائمہ نورکی شان کےساتھ کام کر نے کی خواہش

لاہور(شوبزڈیسک) فلم سٹار صائمہ نور نے اداکار شان کے ساتھ کام کر نے کی خواہش کا اظہار کر دیا ان کا کہناتھا کہ شان نے فلم انڈسٹری کیلئے بہت کام کیا ہے اور شائقین ان کے کام کو بہت پسند کرتے ہیں اسی لئے میری بھی خواہش ہے کہ میں ان کے ساتھ ایک بار پھر فلموں میں کام کروںان کا کہنا تھاکہ اس مےں کوئی شک نہےں کہ آج عوام آج بھی پنجابی فلمےں دےکھنا چاہتے ہےں مگران فلموں کا مےعار بہتر کر نا ہوگا۔

میری ترجیح گلوکاری رہی‘فنکار کو سیاست سے دور رہنا چاہئے

لاہور(شوبز ڈیسک) گلوکارہ حمیراارشد کا کہنا ہے کہ میری ترجیح ہمیشہ گلوکاری رہی میرے نزدیک ایک اچھے اور سچے فنکار کو سیاست سے دوررہنا چاہئے فنکار کو صرف اپنے کام پر ہی توجہ دینی چاہئے اپنے ایک انٹرویو میں گلوکار ہ حمیرا ارشد کا کہناتھا کہ میںدنیا کے بیشتر ممالک میں پر فارم کر چکی ہوں اور ہر جگہ اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے‘ آج تک فلموں میں نہ غیر اخلاقی گا نے گائے اور نہ ہی آئندہ اس کا ارادہ ہے انہوں نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی گانے میں دلچسپی تھی۔ اس لئے میں نے باقاعدہ میوزک کی تعلیم حاصل کی گلوکاری کے دوران متعدد مرتبہ مجھے بطور اداکارہ کام کرنے کی بھی آفرز ہوئیں۔