مسلم لیگ ن، پی پی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق ایک ہوگئے۔ سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر سیاسی قائدین کا اجلاس ہوا۔ جس میں شہبازشریف اور آصف زرداری سمیت دیگر رہنما ؤں نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے تمام جماعتوں کی کمیٹیاں مل کر ”رولز آف دی گیم“ طے کریں گی ۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ مل کر حکومت بنائیں گے، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی بھی شامل ہو۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر سیاسی قائدین کی بیٹھک لگی۔
اجلاس کے بعد دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ آزادامیدوار حکومت بنانا چاہتے ہیں تو اکثریت لے آئیں، سب ان کی اکثریت کا احترام کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے تمام جماعتوں کی کمیٹیاں مل کر ”رولز آف دی گیم“ طے کریں گی۔
گنڈا پور کی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اگر آزاد اراکین منتخب کرتے ہیں تو ان کا حق ہے۔
آصف زرداری کے صدر بننے کے حوالے سے سوال پرشہباز شریف کا کہنا تھا، ”ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔“ زرداری اس دوران مسکرا دیئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے اور دوسرے صوبوں میں جن جماعتوں کی اکثریت ہیں وہاں ان کا حکومت بنانے کا حق ہے۔
آصف زرداری نے سوال پر کہا کہ اگر انہیں یہ صورت حال قابل قبول نہ ہوتی تو وہ پریس کانفرنس میں نہ بیٹھے ہوتے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ ہم نےایک دوسرےکےخلاف الیکشن لڑے ہیں، مخالفت کامطلب یہ نہیں کہ ہم ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، آج پھرکہتا ہوں کہ پاکستان کھپے۔
خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف بحرانوں سے گزر رہا ہے، ہمارے لئے پاکستان سےزیادہ اہم کچھ نہیں، ہم سب مل کر ملک کوبحرانوں سےنکالیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم میاں برادران کا ساتھ دیں گے، ہم سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھ کرملک کیلئےکام کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم سب اکھٹےہوکرملک کانظام سنبھالیں گے، خالد مگسی کی طرف سے میں اجلاس میں آیا، ہم آج بھی میاں صاحب کےساتھ کھڑے ہیں۔
آئی پی پی کے رہنما علیم خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملک کےحالات بہت زیادہ خراب ہیں، عوام مہنگائی تلےپسےہوئےہیں، ہمیں ملک وقوم کیلئےاپنی ذات سے باہرنکلناہوگا، ہمیں ملک اورقوم کیلئےفیصلے کرناہوں گے۔
سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کا معاشی ایجنڈا پہلی ترجیح ہوناچاہئے، ہم سب میاں صاحب کےساتھ ہیں، سب کومل کرملک کی بہتری کی کوشش کرناچاہئے۔
واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، صدر ن لیگ شہبازشریف، سابق صدر آصف زرداری، خالد مقبول صدیقی، یوسف رضاگیلانی، قمر زماں کائرہ ، ڈاکٹر عاصم اور دیگر سیاسی رہنماء چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پہنچے اور مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔

