اسلام آباد: ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف شہری کی جانب سے دائر درخواست کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق شہری کی جانب سے وکلا کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ایکس (ٹویٹر) بندش ختم کر کے سروس مکمل بحال کرنے کا حکم دے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 17 فروری کے بعد سے اب تک ٹویٹر پر غیر اعلانیہ پابندی ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی مسلسل بندش آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات کو فریق بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق درخواست پر کل چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے۔ اس حوالے سے متعلقہ فریقین کو نوٹسسز جاری کردیے گئے ہیں۔