لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے پرمبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ایکسپریس نیو کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر برٹش ہائی کمیشن لاہور آفس کی سربراہ کلاراسٹرینڈ ہوج بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں پنجاب کے طلبا کے لیے اعلیٰ برطانوی یونیورسٹیوں میں اسکالر شپ بڑھا نے پر تبادلہ خیال ہوا اور مریم نواز نے جین میری ایٹ کو گورننس اور شفافیت پر اپنے ویژن سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کو ڈیجیٹلائزیشن کے جدید دور میں لے جانا چاہتے ہیں، آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے لیے برطانوی اداروں کو ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ لاہور میں آئی ٹی،ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ بہت جلد شروع کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے برطانوی ہائی کمشنر کو پنجاب بالخصوص لاہورمیں آئی ٹی پارک کے پراجیکٹ سے آگاہ کیا جس پر جین میری ایٹ نے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کو سراہا۔
ملاقات میں پنجاب میں گرلز ایجوکیشن کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی اورماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے ایئرکوالٹی انڈکس ٹیکنالوجی کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔