لاہور میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں پراسرار دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں پراسرار دھماکے کی اطلاع ملی ہے، دھماکا گھر کے گیراج میں ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔
ثاقب نثار فیملی ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے وقت ثاقب نثار گھر پر موجود تھے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا۔
میرے گھر پر گرنیڈ سے حملہ کیا گیا،سابق چیف جسٹس
بعدازاں آج نیوز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ان کے گھر پر گرنیڈ سے حملہ کیا گیا، دھماکے کے وقت میں وہ گھر پر ہی موجود تھے۔
ثاقب نثار نے کہا کہ زور دار دھماکے کی آواز سن کے باہر آیا، گرنیڈ سے میرے گھر کو نشانہ بنایا گیا، واقعے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، لاہور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے گھر پر سی سی ٹی وی نہیں لگا، میں جب چیف جسٹس تھا اس وقت بھی سی سی ٹی وی نہیں لگائے تھے۔
واضح رہے میاں ثاقب نثار 31 دسمبر 2016 سے 17 جنوری 2019 تک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔
اس سے قبل آج کے روز ہی راولپنڈی میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر پر فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم بعد میں راولپنڈی پولیس نے تردید کرتے ہوئے کہاکہ نشے میں دھت ایک لڑکے نے ہوائی فائرنگ کی تھی اس کا کسی شخصیت سے تعلق نہیں۔