کراچی میں موسم سرما کی دوسری بارش کا آغاز ہوگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسميات نے بلوچستان میں نیا سسٹم آنے کے باعث 4 سے 7 جنوری تک کراچی سميت سندھ بھر ميں بارشوں کی پيشگوئی کی تھی۔
شہر قائد میں آج (منگل کی) شام بارش کا سلسلہ شروع ہوا، شہر کے مختلف علاقوں صدر، آئی آئی چندريگر روڈ، نیٹی جیٹی پل، اولڈ سٹی ايريا، شارع فيصل، لياقت آباد، گرومندر، ايم اے جناح روڈ، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا سمیت اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔
کراچی میں موسم سرما کی دوسری بارش کے باعث سردی کی شدت ميں بھی اضافہ ہوگیا، اس سے قبل گزشتہ رات سے ہی شہر میں تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا مغربی سلسلہ سابقہ سسٹم سے زیادہ طاقتور ہے، جس کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 جنوری تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ اس سسٹم سے ہوا اور گرج چمک کيساتھ کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے بارشوں کی پیشگوئی پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (منگل کو) کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، رات کے اوقات میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔
میٹ آفس کے مطابق شہر قائد میں صبح کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 18 ڈگری اور موسم ابر آلود رہا، جب کہ ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی رہیں۔
شہر میں بارش کے باعث موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، روڈ گیلے ہونے سے پھسلن پیدا ہوگئی جبکہ تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت بڑھنے سے بھی موٹر سائیکل سواروں کیلئے گاڑی چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

