نواز شریف پمز اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کے اصرار پر انہیں پمز اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا ہے۔ نواز شریف کی جانب سے فوری اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کے مطالبے کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی میں جیل منتقل کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کا مشورہ تھا کہ نواز شریف مزید کچھ روز اسپتال میں قیام کریں تاہم سابق وزیراعظم کا اصرار تھا کہ انہیں جیل منتقل کیا جائے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حالت ابھی بھی مستحکم نہیں اور ان کے مختلف ٹیسٹوں میں نتائج مختلف آرہے ہیں۔خیال رہے کہ نواز شریف کو سینے میں تکلیف کے باعث اتوار کو پمز اسپتال کے کارڈک سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم کو مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا کا حکم دیا تھا جس کے بعد 13 جولائی کو لندن سے وطن واپسی پر انہیں ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔دوسری جانب نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں ایسی تجویز نہیں آئی کہ انہیں علاج کیلئے باہر بھیجا جائے۔ شوکت جاوید نے کہا کہ نواز شریف کو ڈاکٹروں کی ہدایات پرپمز اسپتال میں رکھا گیا ہے، جب تک ڈاکٹرز کہیں گے نوازشریف اسپتال میں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اسپتال جانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا، پاکستان میں ہر طرح کا علاج موجود ہے، پاکستان میں دل کے امراض کا بھی بہت اچھا علاج ہوتا ہے، میڈیکل رپورٹ میں ایسی تجویز نہیں آئی کہ نوازشریف کو علاج کیلئے باہر بھیجا جائے۔نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ نواز شریف کی رپورٹیں بہتر ہیں اور مرض کی ہسٹری بنوانا آج کل کوئی مشکل کام نہیں۔

پاکستان کیلئے ’آئی ایم ایف پیکیج‘ چینی قرض کی ادائیگی میں استعمال نہیں ہونا چاہیے، امریکا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ہم اس بات پر نظر رکھیں گے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ممکنہ مالی پیکیج کو چینی قرضوں کی ادائیگی کےلیے استعمال نہ کرنے پائے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو کوئی غلطی نہیں کرنی چاہیے، ایسے بیل آﺅٹ کا کوئی جواز نہیں جس سے چینی قرضے ادا کیے جائیں۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم اس حوالے سے آئی ایم ایف کے اقدامات پر نظر رکھیں گے۔ پاکستان آئی ایم ایف سے 12 ارب ڈالر قرض کے پیکیج کی تیاریاں کررہا ہے تاہم آئی ایم ایف کے ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کسی قسم کے بیل آﺅٹ پیکیج کی کوئی درخواست نہیں ملی اور نہ ہی اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے کوئی بات ہوئی ہے۔

سروں کے بادشاہ محمد رفیع کو بچھڑے 38 سال ہوگئے

ممبئی(ویب ڈیسک) برصغیر پاک و ہند کے مایہ ناز گلوکار سروں کے بادشاہ محمد رفیع کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 38برس ہوگئے۔سروں کے بادشاہ محمد رفیع کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 38برس ہوگئے تاہم اس موقع پر ان کے پرستار اور شوبز سے متعلق تنظیمیں ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے پروگراموں کا انعقاد کریں گی اور ان کی یاد میں متعدد تقریبات منعقد کی جائیں گی۔24دسمبر1924ءکو کوٹلہ سلطان سنگھ امرتسر میں پیدا ہونے والے محمد رفیع سات بہن بھائیوں میں سے سب سے چھوٹے تھے۔ بچپن میں ہی گلوکاری کا شوق رکھنے والے محمد رفیع نے پہلی بار1941ء میں لاہور میں پنجابی فلم ”گل بلوچ“ کیلیے گانا گایا۔محمد رفیع کی زندگی میں سب سے بڑا موڑ اس وقت آیا جب موسیقار اعظم نوشاد نے انھیں گانے کاموقع دیا۔ نوشاد کیساتھ محمد رفیع کی جوڑی بہت کامیاب رہی۔ گائیکی کے ساتھ محمد رفیع کو اداکاری کا بھی شوق تھا۔انھوں نے سماج کو بدل ڈالا اورہدایت کارشوکت حسین رضوی کی فلم ”جگنو“ میں اداکاری کی۔چالیس سال سے زائد عرصے تک آواز کا جادو جگانے والے محمد رفیع نے تیس ہزار کے قریب فلمی اور غیرفلمی نغمات ریکارڈ کروائے۔31 جولائی 1980کومحض 56برس کی عمر میں محمد رفیع اس دنیا کو الوداع کہہ گئے تھے۔

دبنگ خان کی ’بھارت‘ میں باربی گرل کی انٹری

ممبئی(ویب ڈیسک)بالی وڈ کے سپر اسٹار ہیرو سلمان خان کی نئی فلم ’بھارت‘ کے لیے مرکزی اداکارہ کون ہوں گی اس کا جواب خود سلو میاں نے دے دیا ہے۔اداکارہ پریانکا چوپڑا اور سلمان خان 10 سال بعد ایک ساتھ فلم ’بھارت‘ میں نظر آنے والے تھے لیکن اداکارہ نے فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے قبل ہی چھوڑ دی۔پریانکا کے فلم چھوڑنے کے بعد اس کردار کے لیے نئی اداکارہ کی تلاش تھی جس کے لیے کترینہ کیف سمیت کئی اداکاراوں کے نام سامنے آئے تھے۔ایسے میں چے مگوئیاں تھیں کے کرینہ کپور فلم میں مرکزی کردار نبھائیں گی جو کہ غلط ثابت ہوئیں تاہم سلمان خان نے خود اداکارہ کترینہ کیف کے نام کا اعلان کردیا ہے۔ سلمان خان نے ایک ٹوئٹ میں اداکارہ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خوش آمدید ہے بھارت کی زندگی میں ‘۔واضح رہے کہ سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی اس سے قبل فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘، ’ایک تھا ٹائگر‘ اور ’ٹائگر زندہ ہے‘ اور میں کام کر چکی ہیں۔یاد رہے کہ فلم ’بھارت‘ اگلے سال عید پر ریلیز ہونی ہے جس میں سلمان خان، ڈشا پٹانی اور کامیڈین سنیل گواسکر اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی

آکلینڈ(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی۔چیئرمین نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کرس مولر کے مطابق سیکیورٹی رپورٹ کی بنیاد پر ٹیم پاکستان نہیں بھیج رہے اور اسی رپورٹ نے انہیں پاکستان میں سیریز کھیلنے سے روکا۔پاکستان کرکٹ بورڈ رواں سال اکتوبر میں نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی تاہم نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد پاکستان متحدہ عرب امارات میں کیویز ٹیم کی میزبانی کرےگا۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فیوچر ٹور پروگرام کے تحت رواں سال اکتوبر سے دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز، 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔

وفاق، صوبے میں بی اے پی کا پی ٹی آئی سے اتحاد، جام کمال وزیراعلیٰ کے امیدوار

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے وفاق میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا جبکہ پی ٹی آئی وزیراعلیٰ بلوچستان کے امیدوار جام کمال کو ووٹ دے گی۔اسلام آباد میں بی اے پی کے سربراہ جام کمال نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاق میں غیرمشروط حمایت کریں گے۔جام کمال نے کہا کہ بی اے پی بلوچستان اور پاکستان کے ترقی کے لیے وفاق میں جس جماعت کے ساتھ چل سکتی ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور بی اے پی کے وڑن میں بہت ساری باتیں مشترک ہیں اس لیے ایک ٹیم اور اتحاد کے ذریعے اور ون یونٹ کے طور پر چلائیں گے اور ہم بلوچستان کی ترقی کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کام کریں گے۔جام کمال نے کہا کہ بی اے پی نے پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے اوراس طرح بلوچستان کی حکومت کا بھی حصہ بنیں گے اورا بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ابھی ایک طریقہ کار بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اچھا پیغام لے کر بلوچستان جارہے ہیں اور پی ٹی آئی اور بی اے پی ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے ترقی کے سفر میں آگے جائیں گے۔بی اے پی کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری جماعت سادہ اکثریت سے بھی آگے جا چکی ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بلوچستان عوامی پارٹی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بی اے پی کی جانب سے یکجہتی کے اظہار پر شکر گزار ہیں اور پی ٹی آئی نے بلوچستان میں بی اے پی کے ساتھ ملنے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاق میں پی ٹی آئی تسلی بخش اکثریت حاصل کرچکی ہے اور اس میں مزید بہتری کے امکانات موجود ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کے لیے کام کریں گے جس کے لیے مرکز اور صوبے کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیرترین نے کہا کہ بی اے پی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے اس لیے ان کا حق ہے کہ وزیراعلیٰ ان کا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ بی اے پی نے جام کمال کو بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے اور ہم ان کی حمایت کریں گے۔جہانگیر ترین نے دعویٰ کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کرے گی۔سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) پرویز خٹک نے کہا کہ پریشر گروپ چینلز نے بنایا ہے ہم نے نہیں بنایا اور میں اس پروپیگنڈے کو مسترد کرتا ہوں کیونکہ یہ بے بنیاد اور جھوٹی خبر ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان ہم سب کے لیڈر ہیں وہ جو فیصلہ کریں گے ہم آنکھیں بند کرکے قبول کریں گے۔

کیلیفورنیا ہالی ووڈ فلم ”کرسٹوفر روبن ” کے پریمیئر کا انعقاد

کیلیفورنیا (ویب ڈیسک ) کیلیفورنیا میں ہالی وڈ کی کامیڈی اور ایڈونچر سے بھرپور فلم “کرسٹوفر روبن” کا پریمئیر ہوا جس میں فلم کی پوری کاسٹ شریک ہوئی۔Burbank کے ڈزنی سٹوڈیو میں فلم “کرسٹوفر روبن”کا ورلڈ پریمئیرہوا، فلم کی کہانی ایک شخص کی ہے جس کی ملاقات اچانک اپنے بچپن کے دوست Winnie-the-Pooh سے ہوتی ہے اور پھر اس کی زندگی دلچسپ موڑ لیتی ہے۔فلم میں روبن کا کردار اداکار ایون میک گریگر نے نبھایا ہے، مارک فورسٹر کی ہدایتکاری میں بننے والی کمپیوٹرائز اینی میٹڈ فلم کرسٹوفر روبن 3 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

پشاور زلمی کا خیبر پختونخواہ میں آزادی کپ کے انعقاد کا اعلان

پشاور (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے برانڈ پشاور زلمی کا اگست زلمی فاﺅنڈیشن کے تحت خیبر پختونخواہ میں آزادی کپ کے انعقاد کا اعلان، زلمی فاﺅنڈیشن کے مقبول پراجیکٹ ہائیر زلمی ہندرڈ پچز پر کھیلنے والے نوجوان کرکٹرز کی اکثریت آزادی کپ میں شریک ہوگی۔فرنچائز پشاور زلمی نے زلمی کی فاﺅنڈیشن کے تحت اگست میں جشن آزادی کی مناسبت سے خیبرپختونخواہ میں آزادی کپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ آزادی کپ میں پورے خیبر پختونخواہ سے مجموعی طور پر ساٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ٹاپ چھ ٹیموں کے درمیان فائنل راﺅنڈ میں مقابلے ہوں گے۔ پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ اگست میں آزادی کی خوشی کے موقع پر نوجوانوں کو مزید متحرک کرنے اور گراس روٹ لیول پر موجود نوجوان کرکٹرز کو ایک بار پھر پشاور زلمی کا بڑ ا پلیٹ فارم اور سپورٹ مہیا ہو گی۔ چیرمین پشاور زلمی کا مزید کہا ہے کہ آزادی کپ میں شریک کھلاڑیوں کی اکثریت زلمی فاﺅنڈیشن کے کامیاب پروگرام ہائیر زلمی ہنڈرڈ پچز سے استفادہ کر چکی ہے اور انہیں پچز پر کھیلنے والے نوجوان کرکٹرز اس ٹورنامنٹ میں شریک ہونگے۔زلمی آزادی کپ کا آغاز سات اگست سے پشاور اور اس کے بعد میچز پورے خیبرپختواہ میں ہونگے۔ فائنل چودہ اگست کو کھیلا جائیگا جس میں پشاور زلمی مینجمنٹ اور کھلاڑی بھی موجود ہوں گے۔
.پشاور زلمی اس سے قبل زلمی فاﺅنڈریشن کے تحت ہائیر زلمی ہندرڈ پچز پراجیکٹ کے ساتھ زلمی اسکول لیگ کا کامیاب انعقاد کرچکی ہے اور گراس روٹ لیول پر نوجوانوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور سپورٹ فراہم کرنے کا عزم اور کوششیں جاری رہیں گی۔

گلوکارہ میڈونا کی یتیم خانے کیلئے چندہ مہم شروع

ملاوی (ویب ڈیسک ) امریکی گلوکارہ میڈونا نے افریقہ کے ملک ملاوی میں اپنے قائم کئے یتیم خانے کے لئے چندہ مہم شروع کر دی، ساٹھ ہزار ڈالر جمع کرنے کی یہ مہم انہوں نے اپنی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر شروع کی ہے۔میڈونا کا کہنا ہے چوبیس گھنٹوں میں دس ہزار ڈالر جمع ہو گئے، انہوں نے کہا تمام رقم ان کی ریزنگ ملاوی فاﺅنڈیشن کو جائے گی جس کے تحت ایک یتیم خانہ ہوم آف ہوپ چل رہا ہے۔میڈونا جمع ہوئی رقم سولہ اگست کو اپنی ساٹھویں سالگرہ کے دن ریزنگ ملاوی کو دیں گی، میڈونا گزشتہ دس برس کے ملاوی سے چار بچوں کو گود لے چکی ہیں۔

نیو جرسی میں ہاٹ ایئر بیلون فیسٹیول کا آغاز

لاہور(ویب ڈیسک) امریکہ میں سالانہ ہاٹ ایئر بیلون فیسٹیول کا آغاز ہو گیا جس میں مختلف اشکال کے رنگ برنگے غباروں سے آسمان پر خوبصورت رنگ بکھر گئے۔امریکی ریاست نیو جرسی کے سالبرگ ایئرپورٹ پر منعقد ہونیوالے فیسٹیول میں امریکہ سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی ٹیموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ہر سال کی طرح اس سال بھی فیسٹیول کے آغاز پر درجنوں رنگ برنگے دیوہیکل غباروں نے جہاں آسمان پر خوبصورت نظارہ ترتیب دیا وہیں اس نظارے کو دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فیسٹیول کی رونقوں کو چار چاند لگا دیئے اور خوب انجوائے بھی کیا۔

جسٹس شوکت عزیزصدیقی کیخلاف ریفرنس غیر معینہ مدت تک ملتوی

اسلا م آباد(ویب ڈیسک)سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس شوکت صدیقی کےخلاف ریفرنس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کھلی عدالت میں جسٹس شوکت صدیقی کیخلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔وکیل صفائی حامد خان نے کہا کہ جسٹس شوکت صدیقی کی درخواستیں مستردکرنےوالاکل کاحکم مل گیا ہے ،استغاثہ بیان کے بعد اگر دستاویزات بطور شہادت پیش کرنا چاہتا ہے تودرخواست دے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ ریفرنس مجھ سے پہلے مولوی انوار الحق نے تیار کیا، حامد خان نے کہا کہ کونسل آرڈر میں ترمیم کرے اور انور گوپانگ کے بیان حلفی کا حوالہ شامل کرے ،کونسل کے آرڈر میں استغاثہ کے گواہ انور گوپانگ کے بیان حلفی کا حوالہ نہیں دیا گیا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ حامد خان صاحب آپ خود میری کچی پنسل سے تصحیح کر دیں،حامد خان نے انکار میں دونوں ہاتھ اٹھاتے ہوئے کہا یہ میرا کام نہیں۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ استغاثہ کے گواہ سے متعلق آپ کی بات ایک دوسرے آرڈر میں شامل ہے ،جسٹس شوکت صدیقی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ کونسل کاکل کاحکم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں کارروائی تب تک روک دیں، ہماری درخواست بھی چیف جسٹس صاحب آپ نے مقرر کرنی ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ آپ کا حق ہے،دیکھ لیتے ہیں کوئی اعتراض نہ ہوا تو ایک دو روز میں مقرر کردیں گے،سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردی گئی۔اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے کہا کہ نئی حکومت آ رہی ہے عہدے پر کام جاری نہیں رکھنا چاہتا۔