لاہور (خصوصی رپورٹ)حکومت مخالف ممکنہ گرینڈ الائنس میں شامل ہونے والی جماعتوں پرنظر رکھنے اور ان کے اہم رہنماﺅں کے پس پردہ رابطوں کے بارے میں اطلاعات حاصل کرنے کیلئے سول خفیہ اداروں کے سیکرٹ فنڈز میں اضافہ کرکے ایک مکمل سیاسی آپریشن لانچ کردیا گیا ہے۔ باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سول خفیہ ادارے فنڈز کی کمی کی وجہ بتا کر ممکنہ گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شامل ہونے والی جماعتوں کی اندر کی تمام اطلاعات حاصل نہیں کر پا رہے تھے۔ اداروں نے حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کی نگرانی کیلئے ان کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔ پیر آف یال شریف کے تحت چلنے والی ختم نبوت تحریک کو اول نمبر پر رکھا گیا ہے، دوسرے نمبر پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی عوامی تحریک اور تیسرے نمبر و دیگر قومی اور مذہبی جماعتیں رکھی گئی ہیں جن میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ق، پیپلزپارٹی، عوامی مسلم لیگ ، پاک سرزمین پارٹی اور دیگر شامل ہیں۔ پیر آف سیال شریف کی تحریک سے جڑنے والے پیر صاحبان اور مذہبی گروپس کی چوبیس گھنٹے کی نگرانی کی جائے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اس وقت گرینڈ اپوزیشن الائنس کا محور ہیں۔ سول خفیہ اداروں کو یہ بھی ٹاسک دیا گیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی تمام کارروائیوں کی آئندہ الیکشن تک روکنا ہے، چاہے کوئی بھی فارمولا آزمانا پڑے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق سول خفیہ اداروں کے گریڈ 20 کے افسران اس سارے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔




























