اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 48 فیصد پاکستانی شادی شدہ خواتین کبھی بھی اپنے شوہر کا نام نہیں پکارتیں جبکہ ہر دو میں سے ایک خاتون شوہر کا نام لینے کی بجائے ان کو اپنے بچوں کی نسبت سے پکارتی ہیں۔ گیلپ پاکستان کی تازہ ترین سروے رپورٹ کے مطابق 48فیصد پاکستانی شادی شدہ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کا نام لے کر نہیں پکارتی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں بعض گھرانوں میں یہ رواج ہے کہ بیویاں کبھی بھی اپنے شوہروں کو نام لے کر نہیں پکارتی ہیں،آپ بتائیں کہ کیا آپ اپنے شوہر کو نام لے کر پکارتی ہیں؟ اس سوال کے جواب میں 52فیصد خواتین کے مطابق ہاں وہ اپنے شوہر کو نام لے کر پکارتی ہیں جبکہ 48 فیصد خواتین کے مطابق وہ اپنے شوہر کو نام لے کر نہیں پکارتی ہیں۔ سروے کے دوران دوسرا سوال پو چھا گیا کہ کیا آپ اپنے پڑوس میں کسی ایسی خاتون کو جانتی ہیں جو کہ اپنے شوہروں کا نام نہیں لیتی ہیں اور اگر نام نہیں لیتیں تو اپنے شوہر کو کس طرح پکارتی ہیں تو48 فیصد نے کہا کہ ایسی خواتین اپنے شوہر کو بیٹا یا بیٹے کا ابو کہہ کر پکارتی ہیں۔21 فیصد خواتین اپنے شوہر کو پیشہ کے نام سے مثلا ڈاکٹر صاحب یا وکیل صاحب وغیرہ پکارتی ہیں 12 فیصد اپنے شوہر کو ہیلو یا ارے، سنتے ہیں کہہ کر پکارتی ہیں 9 فیصد عرفی نام یا لقب سے پکارتی ہیں جبکہ 10 فیصد کے مطابق وہ اپنے شوہر کو پیار یا محبت سے رکھے ہوئے نام سے پکارتی ہیں۔ یہ سروے ملک کے چاروں صوبوں میں دیہی اور شہری علاقوں میں کیا گیا۔




























