تازہ تر ین

ریاستی دہشتگردی کا مسئلہ سلامتی کونسل لے جائیں

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے اعترافات کی روشنی میں ثابت ہوا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت تسلسل کے ساتھ ملوث ہے۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی گرفتاری پر انڈیا میں خوب شور شرابا ہوا جبکہ\سشما سوراج نے اسمبلی میں یہ کہا کہ وہ اپنے شہر ی کو ہر صورت پاکستان سے واپس لے کر آئیں گے۔ ان کے اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت یہاں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث ہے۔ حکومت پاکستان نے بھارت کے خلاف احتجاج تو کیا ہے لیکن یہ معاملہ یہاں نہیں رُکنا چاہئے، اس کو سلامتی کونسل میں اٹھانا چاہئے۔ ایک دوسرے کے جاسوس پکڑے جاتے رہتے ہیں، سربجیت سنگھ بھی پکڑا گیا تھا جس کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر رہا کر دیا گیا تھا۔ بھارت اور امریکہ حافظ سعید پر ممبئی حملوں سمیت دیگر دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات لگاتے رہتے ہیں لیکن حساس اداروں کو ان کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا جس کی بناءپر عدالت نے ان کو بری کر دیا اور اسی وجہ سے اب انہیں کوئی گرفتار نہیں کرتا۔احسان اللہ احسان کے الزامات سے افغان حکومت و فوج کے خلاف دہشتگردی میں ملوث ہونا ثابت پایا۔ افعان حکومت ہی نہیں بلکہ فوج بھی دہشتگردوں کو تحفظ دے کر افغانستان سے پاکستان بھیجتی ہے۔ جن دہشتگردوں کے پاس پاسپورٹ نہیں ہوتے افغان فوج ان کو اپنے ملک کا پاسپورٹ جاری کرواتی ہے۔ پاکستانی وفد نے دورہ افغانستان کے دوران یقینا اس معاملے پر بات چیت کی ہو گی جبکہ وزیراعظم سے بھارتی وفد کی ملاقات کے دوران یقینا یہ مسائل بھی زیر بحث آئے ہوں گے۔ ملکوں میں لڑائیاں، جھگڑے ہوتے ہیں لیکن مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں اگر نوازشریف اور نریندر مودی کے درمیان ملاقات ہوتی ہے تو اچھی بات ہے، یقینی طور پر وزیراعظم نوازشریف اپنے تمام خدشات مودی کے سامنے رکھیں گے۔ مذاکرات ہونا خوش آئند، ماضی میں بھی اس کی ضرورت پیش آتی رہی ہے۔ بھارت خود کو اپنے رقبے، آبادی اور فوج کے حجم کی وجہ سے طاقتور سمجھتا ہے لیکن اصل بات ٹیکنالوجی کی ہوتی ہے جس میں ہم آگے ہیں۔ دنیا پر واضح ہو چکا ہے کہ پاکستان میزائل ٹیکنالوجی میں بھارت سے آگے ہے۔ ہم نے جتنے میزائلوں کے تجربے کئے سب کامیاب رہے جبکہ عالمی میڈیا کے مطابق بھارت کے زیادہ تر میزائل تجربے ناکام رہے، یہی بات سابقہ و موجودہ حکمران اور آرمی چیف صاحبان متعدد بار کہہ چکے ہیں۔ تجزیہ کار نے کہا کہ بھٹو دور میں شاہ فیصل کی کوششوں کے ساتھ لاہور میں اسلامک کانفرنس ہوئی تھی، جس میں شریک تمام ممالک نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ عالمی سطح پر ایک ایسی نیوز ایجنسی قائم کی جائے جس کا سارا انتظام و انصرام اسلامی کانفرنس کے ہاتھ میں ہو تا کہ مسلم ممالک کے مسائل دنیا کے سامنے تسلسل کے ساتھ پیش کئے جا سکیں، آج تک یہ نیوز ایجنسی نہیں بن سکی۔ لندن سے ماہر قانون شمع جونیجو نے کہا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن جیسا مضبوط کیس اپنے ہاتھوں سے خراب کر دیا، کیس ملٹری کورٹس کے بجائے اگرعام عدالت میں جاتا تو پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوتی، جس پر دنیا کا کوئی ملک اعتراض نہیں کر سکتا تھا۔ کلبھوشن کا کیس بالکل اسی طرح عام عدالت میں چلنا چاہئے تھا جس طرح بھارت نے اجمل قصاب سمیت دیگر کیسز چلائے۔ بھارت کا پروپیگنڈا ہم سے بہت زیادہ مضبوط ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں کوئی انگریزی نیوز چینل ہی نہیں جو اپنا موقف پیش کر سکے۔ زیادہ تر اُردو چینل ہیں اور وہ بھی قومی مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احسان اللہ احسان کے معاملے میں بھی حکومت پاکستان نے بہت بڑی غلطی کی کہ یہ بھٹکا ہوا ہے۔ گڈ و بیڈ طالبان کا تصور ختم ہونا چاہئے، دہشتگرد دہشتگرد ہوتا ہے۔ ان کے خلاف مضبوط پالیسی ہونی چاہئے اور کوئی رعایت نہیں برتنی چاہئے۔ بلال اختر نے افغانستان کے دورے کے دوران کہا کہ افغان فوجیوں پر حملے میں پاکستان ملوث نہیں، انہوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہی نہیں کہ احسان اللہ احسان آپ کے بارے کیا انکشافات کر رہا ہے۔ ہماری خارجہ پالیسی کا المیہ یہ ہے کہ سرتاج عزیز کا کچھ پتہ نہیں چلتا کہ کہاں ہیں جبکہ طارق فاطمی کے اوپر نیوز لیکس کی تلوار لٹک رہی ہے۔ جب تک ہم اپنا کیس مضبوطی کے ساتھ نہیں لڑیں گے۔ تب تک دنیا ہماری طرف توجہ نہیں دے گی ڈپٹی ایڈیٹر روزنامہ خبریں مظہر جاوید نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سیاست میں دوبارہ واپسی سے پہلے خود پر لگا سزا کا لیبل ختم کروانا چاہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر ایسا نہ کیا تو ساری زندگی مجھے سزا یافتہ کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رحیم یار خان کے علاوہ پی پی کی قومی اسمبلی میں کوئی نشست نہیں، اس لئے ابھی گیلانی کو واپس قومی اسمبلی بھیجنا واضح نہیں ہو رہا البتہ معلوم ہوتا ہے کہ پی پی قیادت احمد محمود کے بیٹے کو ہٹا کر یوسف رضا گیلانی کے لئے قومی اسمبلی بھیجنے کا راستہ ہموار کرے گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv