میلان: اٹلی کی حکومت کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ میں ایران کی جگہ اطالوی ٹیم کی شمولیت کی خبروں کو مسترد کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اٹلی کے وزیر کھیل آندرے ابودی نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفیکشن کا فیصلہ فٹبال پچ پر ہوتا ہے اور وہیں ہونا چاہیے، ایران کی جگہ ورلڈ کپ میں شمولیت نہ ہی ممکن ہے اور نہ ہی ایسا کرنا مناسب ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی ساتھی نے کہا تھا کہ فیفا سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ میں ایران کی جگہ اٹلی کی ٹیم کو شامل کرلیا جائے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ امریکا ایرانی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ ایسا کوئی اقدام نہیں کر رہا جس سے ایرانی کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ میں شرکت متاثر ہو یا انہیں ایونٹ سے روکا جائے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026: امریکی ایلچی کی ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی تجویز
تاہم، مارکو روبیو نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران صحافیوں کی آڑ میں پاسداران انقلاب کے ارکان یا دہشت گرد عناصر کو ملک میں آنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

