ٹام ہالینڈ نے بتایا کہ وہ اس کردار کے لیے کئی ہفتوں سے بے چینی کے ساتھ انتظار کر رہے تھے
ہالی ووڈ اداکار ٹام ہالینڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلی بار ’اسپائیڈر مین‘ کا کردار ملنے کی خبر ایک غیر متوقع انداز میں سوشل میڈیا کے ذریعے ملی، جس نے انہیں خود بھی حیران کر دیا۔
ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ٹام ہالینڈ نے بتایا کہ وہ اس کردار کے لیے کئی ہفتوں سے بے چینی کے ساتھ انتظار کر رہے تھے، مگر انہیں کسی قسم کی براہِ راست اطلاع نہیں دی گئی۔ اسی دوران مارول اسٹوڈیوز نے انسٹاگرام پر اسپائیڈر مین سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں مداحوں کو ویب سائٹ پر جا کر نئے اسپائیڈر مین کا نام جاننے کا کہا گیا تھا۔
ٹام کے مطابق جب وہ ویب سائٹ پر گئے تو وہاں یہ اعلان دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ انہیں ہی نیا اسپائیڈر مین منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک وہ یہ سمجھ چکے تھے کہ شاید انہیں یہ کردار نہیں ملا کیونکہ اسٹوڈیو کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا تھا۔
