صوبائی وزیر کھیل و توانائی پنجاب فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کو2کروڑجرمانہ بہت کم سزاملی ہے، زبان پرکنٹرول نہ کیا تو نسیم شاہ کو ٹیم سے نکال دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر کھیل و توانائی پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے قومی کرکٹر نسیم شاہ کے حالیہ بیانات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھا کھلاڑی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ زبان پر کنٹرول نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر رویہ درست نہ ہوا تو نسیم شاہ کو ٹیم سے باہر کر دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادیِ اظہارِ رائے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ملک کے چیف ایگزیکٹو کے خلاف نازیبا بات کی جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حمایت میں کہا:
ان کا کہنا تھا کہ “اگر آج نسیم شاہ اور میری بہنیں محفوظ ہیں تو وہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی بدولت ہیں، نسیم شاہ کو 2 کروڑ روپے جرمانہ بہت کم سزا ملی ہے، محسن نقوی نے تحمل دکھایا، اگر وہ ان کی جگہ ہوتے تو مزید سخت سزا دیتے۔
صوبائی وزیر نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پنجاب بھر میں کھیلوں کے ایک ہزار نئے گراؤنڈز تعمیر کرنے کا اعلان کیا اور کہا تحصیل اور ضلعی سطح سے نوجوان کھلاڑیوں کو میرٹ پر منتخب کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت صوبائی سطح پر “پنجاب کی اپنی کرکٹ ٹیم” تشکیل دینے جا رہی ہے۔
توانائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل ایوب کھوکھر نے صنعتکاروں کو یقین دہانی کرائی کہ جلال پور بھٹیاں اور دیگر علاقوں میں صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جس کی خوشخبری وزیراعلیٰ جلد دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ کوالٹی کا چاول ایکسپورٹ کرنے والے ملک کا سرمایہ ہیں، حکومت چاول کی صنعت کو بھرپور سپورٹ کرے گی۔
صوبائی وزیر نے اپنے خطاب کے آخر میں دہرایا کہ پنجاب کی چیف ایگزیکٹو کی قوم اور صوبے کو سخت ضرورت ہے اور حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔

































