سکیورٹی فورسزنے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کیا جبکہ متعدد دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں باڑہ خیبر اور بنوں میں 30مارچ کو کی گئیں۔ باڑہ خیبر میں آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مزید 3 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت آپریشنز جاری ہیں اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر اور بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اہم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی نئی چال بے نقاب! معصوم قیدیوں کو فالس فلیگ آپریشن میں جھونکنے کا پلان
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بھی خیبر پختونخوا میں 13 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا، ملک کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
اسی طرح وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کارروائیوں میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کا انجام عبرتناک ہوگا۔

































