لاہور:(92نیوز)کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں آئی پی ایل میں انکی مہارت کے مطابق مناسب معاوضہ نہیں مل رہا تھا اور اس وجہ سے انہوں نے بھارتی لیگ چھوڑ کر پی ایس ایل کو جوائن کیا۔
ایڈم زمپا نے ایک مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ آئی پی ایل لیگ کافی زیادہ وقت لیتی ہے اور وہاں مجھے میری مہارت کے حساب سے معاوضہ بھی نہیں مل رہا تھا اس لیے اسے کھیلتے رہنا میرے لیے ایک مناسب فیصلہ نہیں تھا
انہوں نے بتایا کہ انکا آئی پی ایل چھوڑنے کے بعد ابتدائی طور پر کرکٹ سے وقفہ لینے کا ارادہ تھالیکن اچانک پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع ملاجسے انہوں نے فوراً قبول کر لیا۔ زمپا نے کہا کہ یہ تجربہ ان کے لیے بہت دلچسپ رہا اور وہ اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
مزید برآں ایڈم زمپا نے پی ایس ایل کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ چیلنجنگ اور پرکشش ہے اور انہیں کھیل کے دوران اپنی کارکردگی پر خوشی ہے۔
انہوں نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاندار بولر ہیں اور ان کی ہر گیند میں کچھ نہ کچھ خاص ہوتا ہےجو کھیل کو مزید دلچسپ بنا دیتا ہے۔

































