سنسناٹی (سپورٹس ڈیسک) روسی ٹینس سٹار ماریا شرا پووا نے فٹنس مسائل کی وجہ سے سنسناٹی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ ماریا شرا پووا سٹینفورڈ اوپن کے دوران بازو کی تکلیف میں مبتلا ہو گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو رہی ہوں۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کےلئے گزشتہ ہفتے سنسناٹی پہنچی تھی مگر ڈاکٹرز نے کھیلنے سے روک دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وائلڈ کارڈ پر موقع فراہم کیا گیا جس پر وہ ٹورنامنٹ انتظامیہ کی بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ سال ایونٹ میں ضرور شرکت کریں گی۔