اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے بلاول زرداری کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی میں ذہنی بیمار لوگ حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کی اداکاری پر قربان جائیں ، ان جیسا مسکین و معصوم قزاق دنیا میں موجود نہیں ، بلاول قلابازیوں کے بجائے اپنی قوت والدہ کے قاتلوں کو ڈھونڈنے میں لگائیں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاست پر ان پڑھ اور وڈیرہ ذہنیت لوگ قابض ہوئے ، شہید محترمہ کی برسی پر ان کے ذکر کے بجائے زرداری عمران خان کو یاد کرتے رہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ شہید محترمہ کی جماعت اور سیاست سمیت سندھ پر جعلی لوگوں کا قبضہ ہم چھڑائیں گے ، بلاول اپنی شکل اور عقل دیکھ کر بات کریں عمران خان پاکستانی قوم کے لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں بننے والی جماعت کو لاڑکانہ میں دفن کرنے والے بھڑکیں ماررہے ہیں ، بلاول اور ان کے ‘‘ڈیڈٰی’’ سندھ سے کرائے پر کارکنان لاہور لیکر آئیں گے ، پنجاب کے باشعور عوام نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ 2013 میں ہی دفن کردیا تھا۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول لاہور آنے سے قبل لاڑکانہ کے عوام کی ایڈز سے جان چھڑائیں ، آنے والے الیکشن میں سندھ کی عوام بھی روٹی کپڑا مکان کا نعرہ ہمیشہ کے لیے دفن کردے گی۔

