وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یو این ڈی پی اور موجودہ حکومت کے مقاصد مشترک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں اسد عمر، شبلی فراز، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، ثانیہ نشتر و سینئر افسران شریک تھے۔
یو این ڈی پی کی پاکستان میں موجود نمائندہ ایلیئونہ نیکولیٹا نے وزیراعظم عمران خان کی ہیومن ڈویلپمنٹ میں خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئےکہا کہ وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی ملک میں انسانی ترقی کے فروغ کا باعث ہے۔
یو این ڈی پی کے وفد کا کہنا تھا کہ ہیومن ڈویلپمنٹ میں وزیراعظم عمران خان کی دلچسپی یو این ڈی پی کے مقاصد کی تکمیل میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔
وفد کا مزید کہنا تھا کہ ہیومن ڈویلپمنٹ گولز کو اپنانا، ان مقاصد کے حصول کے لیے موثر حکمت عملی اور وسائل کی فراہمی نہایت قابل تحسین ہے۔
وفد نے یو این ڈی پی کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سپورٹ پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یو این ڈی پی کے وفد نے کورونا وائرس کے دوران حکومت کی حکمت عملی ،معاشی عمل کی روانی اور معاشرے کے کمزور طبقوں کی مالی معاونت جیسے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم نے بھی پاکستان میں انسانی ترقی کے حوالے سے یو این ڈی پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو این ڈی پی اور موجودہ حکومت کے مقاصد مشترک ہیں، حکومت یو این ڈی پی کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی ترقی اور معاشرے کے کمزور طبقوں کو معاونت فراہم کرنا اور غربت سے نکالنا ہے۔ماضی میں بااثر طبقے نےنظام کو مفلوج کرکے ریاستی وسائل سے فائدہ اٹھایا
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ریاستی وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لیے استعمال ہوں۔

