کراچی(11 اپریل 2026): ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جہانداد خان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر جہانداد خان پر نیشنل بینک اسٹیڈیم میں جمعہ کی رات راولپنڈیز کے خلاف میچ کے دوران پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کی لیول 1 کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
جہانداد خان کو پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو میچ کے دوران کسی بیٹر کے آؤٹ ہونے پر ایسی زبان یا اشاروں کے استعمال سے متعلق ہے جو اس کی تذلیل کرے یا جارحانہ ردعمل کو ہوا دے سکے۔
آل راؤنڈر نے آن فیلڈ امپائرز شرف الدولہ اور عمران جاوید کی جانب سے عائد کردہ الزامات کا اعتراف کیا اور میچ ریفری روشن ماہنامہ کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کر لیا۔
یہ واقعہ دوسری اننگز کے 18ویں اوور کی دوسری گیند پر پیش آیا جب جہانداد نے سلو باؤنسر کروایا۔ سعد مسعود نے باؤنڈری کی طرف اپر کٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند فیلڈر کے ہاتھ میں چلی گئی اور وہ آؤٹ ہو گئے۔
وکٹ گرنے کے بعد، جہانداد نے اپنے لبوں پر انگلی رکھ کر ایک اشارہ کیا اور ساتھ ہی دوسرے ہاتھ سے بیٹر کو میدان سے باہر جانے کا اشارہ بھی کیا۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مختصر جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم صورتحال مزید خراب نہیں ہوئی اور جہانداد اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ وکٹ کی خوشیاں منانے میں مصروف ہو گئے۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے باؤلر نے کسی بھی قسم کی بدنیتی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ان کے عمل کو غلط سمجھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا نہیں، ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ وہ میرے بہت اچھے دوست ہیں۔ میرا خیال ہے کہ آپ نے صرف اشارہ دیکھا، آپ نے کھیل کا سیاق و سباق نہیں دیکھا۔ وہ میرے اچھے دوست ہیں، وہ سب بس کھیل کی گرما گرمی میں ہو گیا تھا۔

