تازہ تر ین
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کی اہم ٹیسٹ سیریز کا آغاز

لاہور، 11 اکتوبر 2025: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 12 اکتوبر کو لاہور کے گڈافی اسٹیڈیم میں ہونے جا رہا ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کا انعقاد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 20 سے 24 اکتوبر کے دوران ہوگا۔ یہ ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہیں، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چھ ایک روزہ میچز (تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے) 28 اکتوبر سے 8 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔

یہ سیریز پاکستان کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے نئے سائیکل کا آغاز ہے، اور ان کے ابتدائی حریف جنوبی افریقہ ہیں، جو 2023-25 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے چیمپئن ہیں۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آغاز کے بعد پاکستان اپنے ہوم گراﺅنڈز پر ابتدائی سیریز کھیلنے جا رہا ہے۔ 2019-21 کے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دورہ کیا تھا، 2021-23 میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا، اور 2023-25 کے گزشتہ سائیکل میں پاکستان نے سری لنکا کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں پاکستان نے 6 میچز جیتے ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ نے 17 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور 7 میچز ڈرا پر ختم ہوئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 13 ٹیسٹ میچز (پاکستان میں 9 اور یو اے ای میں 4) ہوئے، جن میں پاکستان نے 4 جیتے، جنوبی افریقہ نے 3 اور 6 میچز ڈرا ہوئے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز میں دونوں ٹیموں نے 4 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں اور ہر ایک ٹیم نے 2 میچز جیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ جنوری–فروری 2021 میں کیا تھا، جس میں میزبان ٹیم نے 2-0 سے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 4 ٹیسٹ میچز میں 315 رنز اسکور کیے، جن میں 4 نصف سینچریاں شامل ہیں، جبکہ محمد رضوان نے 4 ٹیسٹ میچز میں 283 رنز بنائے، جن میں ایک سینچری بھی شامل ہے۔

بولنگ میں حسن علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز میں 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ تینوں کھلاڑی آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

پاکستان کے کپتان شان مسعود نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا:

“کسی بھی ٹیم کا بنیادی مقصد ہمیشہ چیمپئن شپ جیتنا ہوتا ہے، مگر ہمارے لیے یہ سیریز اچھے آغاز کا موقع ہے، اور ہمارے لیے بہترین حریف وہی ہیں جنہوں نے گزشتہ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتی۔ اپنے گھریلو حالات میں ان کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے ایک عظیم موقع ہے۔”

“ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہر چیلنج آپ کو آزمانے والا ہوتا ہے، مگر ہمارے لیے یہ اپنے آپ کو دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف پرکھنے کا موقع ہے۔ اگر ہم اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو ہم جان پائیں گے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں اور کس سطح پر ہیں۔”

“یہ بہت اہم ہے، اگر آپ ان ٹیموں کو دیکھیں جو فائنل کھیل چکی ہیں اور چیمپئن بنیں، تو وہ ہمیشہ اپنے گھریلو میچز میں اچھا کھیلتی ہیں۔ ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے گھریلو میچز میں کامیابی حاصل کریں اور یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اچھا آغاز کریں۔”

جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرام نے کہا:

“نئے سائیکل کا آغاز بہت ہی دلچسپ ہے۔ پاکستان میں آنا بہت اچھا لگ رہا ہے اور میں اس سیریز کا منتظر ہوں۔ یہ ایک چیلنجنگ مگر مزے دار سیریز ہو گی، اور ہم سب اسے شروع کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔”

“ٹیسٹ میچز اور سیریز جیتنے کے لیے آپ کو کھیل کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانی پڑتی ہے، لہذا ہمارے لیے جنوبی افریقی حالات سے پاکستانی حالات میں کھیلنا ایک منفرد چیلنج ہے، جس کے لیے ہمارے کھلاڑی پرجوش ہیں۔ ہم میچ کے شروع ہونے سے پہلے وکٹ کی نوعیت کا جائزہ لیں گے اور اچھے پلان کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔”



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی


پتلی ایل ای ڈی
انسٹاگرام

آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv