تازہ تر ین

مریم، عمران کے بعد بلاول اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراضات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراضات سامنے آگئے ہیں۔

نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مانسہرہ کے حلقہ این اے 15 سے چیلنج کیے گئے۔

اعتراض کنندہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف پانچ جج فیصلہ دے چکے ہیں اور سپریم کورٹ انہیں تاحیات نااہل کرچکی ہے۔

اعتراض کنندہ نے استدعا کی کہ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

نواز شریف کے کاغذات کی جانچ پڑتال کرنے والی ریٹرننگ افسر حاجرہ سمیع نے اعتراض کی سماعت کیلئے نواز شریف کو آج 12 بجے کا وقت دیا تھا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور پر بلاول کے کاغذات نامزدگی پر شہری محمد ایاز نے اعتراض کیا۔

شہری محمد ایاز کی جانب سے دائر اعتراض میں کہا گیا کہ بلاول نے کاغذات نامزدگی میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، بلاول بھٹو کا دو جماعتوں کا رکن ہونا الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔

قبل ازیں، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 لاہور میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر ن لیگ کے میاں نصیر کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

میاں نصیر نے اپنے اعتراض میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں، توشہ خانہ کیس میں ان کی سزا معطل ہے، ختم نہیں ہوئی اس لیے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں، ریٹرننگ افسر نے جانچ پڑتال آج تک کیلئے ملتوی کردی تھی۔

پی پی 80 سرگودھا سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر دو وکلاء علی حسن شاہ اور مہرطاہر کی جانب سے اعتراض کیا گیا تھا۔

اعتراض میں کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی میں مریم نواز کے اصل دستخط نہیں، مریم نواز سزا یافتہ ہیں اور انہوں نے اپنے اثاثے بھی کاغذات نامزدگی میں چھپائے، ان کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv