پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے فلسطین کی نسل کشی اور اسرائیلی حملوں پر خاموش رہنے والی ہالی ووڈ شخصیات کے بائیکاٹ پر زور دے دیا۔
اُشنا شاہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی درندگی اور نسل کشی کے خلاف مسلسل آواز اُٹھاتی نظر آرہی ہیں، وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے بےگناہ اور معصوم فلسطینیوں کی آواز بنی ہوئی ہیں۔
اداکارہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے صارفین میں شعور پیدا کررہی ہیں اور اسرائیل کی منافقت اور جہالت کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کررہی ہیں۔
اب اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اُن ہالی ووڈ اسٹارز اور شخصیات کی فہرست پوسٹ کی ہے جو فلسطین کی نسل کشی میں اسرائیل کی حمایت کررہے ہیں اور ظلم کے خلاف آواز نہیں اُٹھا رہے ہیں۔
اُشنا شاہ نے اپنی ایکس پوسٹ میں صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آج سے دُنیا بھر کی مشہور شخصیات کا بائیکاٹ کرنا شروع کریں جو اسرائیل کی دہشتگری کے خلاف خاموش ہیں”۔
اداکارہ نے کہا کہ “ہالی ووڈ اسٹارز سے بائیکاٹ کا آغاز کرتے ہیں، میں نے جو فہرست پوسٹ کی ہے اس میں موجود تمام ہالی ووڈ اسٹارز کو سوشل میڈیا سے اَن فالو کریں اور یہ عہد کریں کہ آپ ان کی کوئی فلم نہیں دیکھیں گے، نہ ان کے گانے سُنیں گے اور نہ ہی ان کی کوئی پراڈکٹ خریدیں گے”۔