تازہ تر ین

چیئرمین واپڈا کا تربیلا ڈیم، پاور ہاؤس اور زیر تعمیر پانچویں توسیعی منصوبے کا دورہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہا ہے کہ تربیلا ڈیم 1974 ء میں اپنی تکمیل سے آج تک پاکستان کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ زیر تعمیر تربیلا کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیدا وار میں اضافہ ہو جائے گا۔
چیئرمین واپڈا نے اِن خیالات کا اظہار تربیلا ڈیم کے دورے کے موقع پر کیا۔ اپنے دورے میں اُنہوں نے غازی بیراج، تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن اور تربیلا فور ہائیڈل پاور سٹیشن کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے مختلف حصوں بشمول اِن ٹیک، پین سٹاک اور پاور ہاؤس کی سائٹس کا بھی دورہ کیا اور ان سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
قبل ازیں جنرل منیجر تربیلا ڈیم اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے تربیلا ڈیم کے مؤثر آپریشن اور اِس ڈیم کے فوائد کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیئرمین واپڈا کو تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے سے 2025ء میں بجلی کی پیداوار شروع ہوگی۔
جنرل منیجر (پاور) تربیلا نے 3ہزار 478میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن اور ایک ہزا ر410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا فورتھ ایکسٹیشن ہائیڈل پاور سٹیشن کے آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔
تربیلا ڈیم پاکستان میں آبپاش زراعت اور اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اِس ڈیم سے زرعی ضروریات پورا کرنے کے لئے ہر سال اوسطاً64ملین ایکڑ فٹ پانی ریلیز ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں تربیلا پن بجلی گھر سے قومی نظام کو اب تک تقریباً540 ارب 37کروڑ یونٹ جبکہ تربیلا فورتھ ایکسٹیشن سے قومی نظام کو اب تک 17 ارب 30 کروڑ یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کی جا چکی ہے۔ تربیلا کی پیداواری صلاحیت اِس وقت 4 ہزار 888 میگاواٹ ہے جو پاکستان میں پن بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت کا نصف سے بھی زیادہ ہے۔ایک ہزار 530 میگاواٹ صلاحیت کے زیر تعمیر پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل سے تربیلا کی پیداواری صلاحیت 6ہزار 418میگاواٹ ہو جائے گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv