صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت افرادی قوت کی کمی نہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے 16 ویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچی کو تعلیم یافتہ بنانا ایک خاندان کو تعلیم یافتہ بنانے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نےمزید کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افرادی قوت کی کمی نہیں، تعلیمی شعبے میں معیار اور تعداد دونوں میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو ہر میدان میں مساوی مسابقت کے مواقع مہیا کررہی ہے، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی تعلیم نسواں میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ چانسلر بننے کے بعد میں نے جامعات میں میرٹ پر تقرریوں کو فروغ دیا جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اپنے 100ویں سال میں داخل ہوچکی ہے۔ اس سفر میں یونیورسٹی کی کامیابیوں کی فہرست طویل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی مارکیٹ کے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے نصاب کو جدید بنارہی ہے۔ اس سلسلے میں متعدد نئے ڈسپلن شروع کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالا شاہ کاکو نیو کیمپس میں سول ورک کیلئے پونے دو ارپ روپے کے فنڈز کی منظوری پر یونیورسٹی انتظامیہ حکومت کی شکرگزار ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ پہلے روز 1309 طالبات کو ایم ایس/ایم فل کی ڈگریاں اور میڈل دیئے گئے،پی ایچ ڈی کی ڈگری لینے والی طالبات کی تعداد 96 تھی۔ ایم فل سطح پر 45 طالبات کو گولڈ میڈل دیے گئے اس کے علاوہ 8 طالبات کو سپیشل گولڈ میڈلز عطا کئے گئے۔

