تازہ تر ین

چینی کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ آج پہنچے گی، سٹوریج کیلئے انتظامات مکمل

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) حکام کے مطابق پاکستان میں کرونا کی پہلی کھیپ لانے کے لیے خصوصی طیارہ کل (اتوار) چین کے لیے روانہ ہو گا۔

آج این سی او سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان بھر میں ویکسین کی فراہمی اور صوبوں کو اس کی منتقلی کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے درکار انتظامی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں جن میں اسلام آباد میں کرونا ویکسین کی سٹوریج اور دیگر علاقوں کو اس کی منتقلی کے انتظامات بھی شامل ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ ویکسین کی پہلی کھیپ میں پانچ لاکھ خوراکیں شامل ہوں گی جو پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو دی جائے گی۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ ’اسلام آباد میں ویکسین کو ذخیرہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اگلے مرحلے میں ویکسین کو ملک کے دیگر علاقوں خاص طو پر سندھ اور بلوچستان کو منتقلی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں ویکسین کو طیاروں کے ذریعے منتقل کرنا بھی شامل ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رواں ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ چین نے کووڈ ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں 31 جنوری تک ملک میں بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنی ایک ٹویٹر پوسٹ میں وبا سے نمٹنے کے لیے تکنیکی مدد اور طبی مہارت فراہم کرنے پر بھی چینی حکومت کے تعاون کی تعریف کی تھی۔

حکومت نے پولیو ویکسینیشن مہم شروع کرنے کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر سیل قائم کر دیے ہیں جن کی نگرانی این سی او سی کرے گی۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتے چینی حکام نے کہا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کو فوری طور پر کرونا ویکسین بطور ’امداد‘ فراہم کر رہا ہے اور اسلام آباد کو اس کی برآمد کے عمل کو بھی تیز کیا جائے گا۔

بیجنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ ’چین پاکستان کو کووڈ ویکسین کا ایک بیچ بطور ’امداد‘ فراہم کرے گا اور متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو ویکسین کی برآمد کو تیز کرنے کے لیے بھی کام کرے گا۔‘

چینی ترجمان ہوا چوننگ نے مزید کہا: ’چین کی حکومت نے پاکستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں مدد کے لیے کرونا ویکسین کا ایک بیچ بطور امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کو ویکسین کی برآمد میں تیزی لانے کے لیے بھی حکومت متعلقہ چینی کمپنیوں کے ساتھ فعال طور پر رابطہ کرے گی۔‘



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv