آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کے انسانیت سوز مظالم اور آزاد کشمیر کی پرامن شہری آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنانے جیسے گھناؤنے جرائم کا نوٹس لے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے لائن آف کنٹرول کے درہ شیر خان، تتہ پانی اور چکوٹھی سیکٹروں میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال کے نتیجے میں ایک نو عمر بچی کی شہادت جبکہ ایک بزرگ خاتون سمیت دو افراد کے ذخمی ہونے اور شہری املاک کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے
ایک بیان میں صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر سیز فائر معائدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر مسلح اور نہتے شہریوں خاص طور پرعورتوں اور بچوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
مسعود خان نے یہ بھی کہا کہ بھارت کے ان منفی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو جدوجہد آزادی سے روکا جا سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کو دھوکا دیا جا سکتا ہے۔
آزاد جموں وکشمیر کے صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کی 9 لاکھ فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں، بے گناہ انسانوں کے قتل عام اور انسانیت کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہے۔
محمد مسعود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان بھارت اپنے ان جرائم پر پردہ ڈالنے اور مقبوضہ ریاست کی مجموعی صورت حال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے قابض فوج تسلسل کے ساتھ لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں میں آباد آزادکشمیر کے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

