تازہ تر ین

حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ، جذباتی پیغام کے بعد جاوید میانداد نے یوٹرن لے لیا

کراچی(ویب ڈیسک)عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی خریدو فروخت کے معاملے پر دیے جانے والے بیان پر سابق کرکٹر جاوید میانداد نے یوٹرن لے لیا۔گزشتہ روز جاوید میانداد کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ منتخب نمائندوں کو مخاطب کرکے کہہ رہے تھے کہ ’عوام نے تمہیں ووٹ دیا ہے، تم عوام کا ضمیر کیوں بیچ رہے ہو؟‘اس دوران جاوید میانداد آبدیدہ بھی ہوگئے تھے لیکن اب سابق کرکٹر نے اپنے بیان پر ایک اور وضاحتی ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل فیس بک پیج سے جاوید میانداد کا ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے جو کل بیان دیا تھا، اس کا غلط مطلب نکالا گیا اور توڑ موڑ کر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میرا مطلب یہ تھا کہ ایک آدمی نے ’نئے پاکستان‘ کا نعرہ لگایا ہے اور وہ اس مقام پر پہنچ گیا ہے جہاں اسے موقع دینے کی بجائے اس کے خلاف توڑ جوڑ کیا جارہا ہے۔سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ یہ چیزیں نہیں ہونی چاہیے، جو اکثریت میں آجاتا ہے اس سے تو ایڈجسٹمنٹ کی بات ہوتی ہے، میرا مقصد ہرگز کسی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں تھا بلکہ میں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے لیے ویڈیو جاری کی تھی۔جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ 20 سال سے ہوں اور میں ان کی ضمانت دیتا ہوں کہ وہ ایک سچا اور صاف آدمی ہے لہٰذا میرے نام سے کوئی بات منسلک نہ کی جائے، میری تحریک انصاف یا کسی جماعت سے کوئی غرض نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل جو باتیں کیں تھیں وہ میری اپنی رائے تھی، میں آج کہتا ہوں کہ ایک آدمی جس کو آزمایا ہی نہیں ہے تو میں کیسے اس کے خلاف بات کروں گا، وہ میرا کپتان رہا ہے۔یاد رہے کہ جاوید میانداد کے بیان کا سوشل میڈیا پر کافی چرچا ہوا ہے اور کئی لوگوں نے اس بیان کو بنیاد بناکر ایک سیاسی جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ان کا کسی پارٹی سے تعلق نہیں ، عام انتخابات میں عمران خان کو اکثریت ملی ہے تو حکومت انہی کو بنانی چاہیے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv