تازہ تر ین

کیا 90دن میں خیبرپختونخوا سے کرپشن ختم ہوگئی‘ 100سال والے منصوبے کہاں ‘ کیا گورنر‘ وزیراعلیٰ ہاﺅس میں لائبریریاں بن گئیں؟، شہباز شریف کے تحریک انصاف سے 26 سوال

لاہور (اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ان کے وعدے اور دعوے یاد کرواتے ہوئے 26 سوالات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ سوال صرف اور صرف تحریک انصاف کو اس کے عوام سے کیے گئے دعوے اور وعدے یاد دلانے کے لئے کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ تحریک انصاف ان سوالوں کے سنجیدہ جواب دے گی۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ کیا تحریک انصاف بتائے گی کہ کہاں ہیں وہ 350 ڈیم؟ جن کی خان صاحب باتیں کرتے تھے؟ کہاں ہیں وہ مساجد کے اماموں کی تنخواہیں؟ کہاں ہیں وہ مساجد میں سولر سسٹمز؟ کیا وہ 250 کالج بن گئے؟ کہاں ہیں وہ ایک ہزار اسٹیڈیم کہاں ہیں؟ پورے پاکستان کو بجلی فراہم کرنے والے منصوبوں کا کیا ہوا؟ کیا آپ بتانا پسند کریں گے کہ کے پی کے میں وزیر اعلیٰ ہا¶س میں بننے والی یونیورسٹی اور گورنر ہاﺅس میں بننے والی پبلک لائبریری کو کون سے راستے جاتے ہیں؟ کیا کے پی میں 90 دن میں کرپشن ختم ہوگئی ۔ کیا آپ بتائیں گے کہ آپ نے تو پشاور کو پیرس بنانے کا اعلان کیا تھا اور آج آپ کے پانچ سالہ دور میں پشاور دنیا کا دوسرا گندا ترین شہر بن گیا ہے۔ آپ نے اسے میٹرو کے کھنڈرات میں بدل دیا ہے۔ آپ بتانا پسند کریں گے کہ آپ کے ٹرین منصوبے کا کیا ہوا؟ کہاں ہیں وہ آپ کے خیبر پختونخوا کو 100 سال تک فائدہ دینے والے پروجیکٹس؟ کیا آپ بتائیں گے کہ غیر ممالک سے نوکریوں کے لیے آنے والے غیر ملکی کس پردے میں چھپے ہوئے ہیں؟ ذرا قوم کو بتائیں کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کا حال کیا ہے؟ کیا آپ بتائیں گے کہ کیا خیبرپختونخوا میں اقربا پروری ختم ہوگئی؟ کیا خیبر پختونخوا میں میرٹ کی دھجیاں اُڑنا بند ہوگئیں یا بڑھ گئیں؟ کیا افغانستان سے پاکستان میں آنے والی ہیروین اور چرس سمیت تمام نشہ آور اشیاءکی اسمگلنگ خیبرپختونخوا کی مثالی پولیس نے روک لی؟ کیا تحریک انصاف کے اعلان کے مطابق تحریکِ انصاف میں کرپٹ اور الیکٹ ایبلز کی بجائے پرانے اور مخلص کارکنوں کو ایم این اے اور ایم پی اے کی ٹکٹوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کے عہدے دیے دیئے گئے ہیں؟ کیا عمران خان نے سرکاری وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کا اپنی ذاتی استعمال سے پرہیز کیا؟ کیا عمران خان نے جھوٹ کی بجائے قوم سے سچ بولا اور یُوٹرن لینا بند کردیے؟ اگر عمران احمد خان آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں تو پھر وہ عدالت سے ساڑھے تین سال تک مفرور اشتہاری کیوں رہے؟ عمران احمد خان نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیا، غیر حاضر رہے، پارلیمنٹ کو گالیاں دیتے رہے، پھر پارلیمنٹ سے تنخواہ کیوں لیتے رہے؟ انقلابی رہنما عمران خان کا فرمان تھا کہ مر جا¶ں گا مگر قرضہ نہیں لوں گا پھر اپنے حکومتی صوبے میں 5 سالوں میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 3 کھرب روپے قرضے کیوں لے لیے؟ کیا یہ حقیقت نہیں کہ 2013ءمیں صادق و امین عمران خان کے اثاثے ڈیڑھ کروڑ تھے جو 2017ءمیں بڑھ کر ڈیڑھ ارب کیسے ہوگئے؟ ذرا قوم کو بتائیں گے کہ آپ کا ذریعہ آمدنی کیا ہے۔ ایسے میں میرا تحریک انصاف کے دوستوں سے سوال ہے کہ تبدیلی کے جھوٹے دعوے کرنے والاعمران خان جب ایک چھوٹے صوبے میں کچھ نہیں کر سکا تو پھر پورے پاکستان میں کیا کرے گا؟ شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان سنگاپور سمٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔شہباز شریف نے امریکہ اور شمالی کوریا کے سربراہوں کے درمیان ملاقات کو خوش آمدید قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورین جزیرے میں لڑائی کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اچھے نہیں رہے ہیں جس کی بنائ پر دونوں ایک دوسرے کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی بھی دھمکی دیتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اور شمالی کوریا ایٹمی جنگ کے قریب سے واپس آسکتے ہیں تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان اور بھارت کشمیر پر دوبارہ مذاکرات کا آغاز نہ کر سکیں، جہاں کے لوگوں نے ?غاصبانہ قبضے اور جارحیت کے خلاف ایک عظیم جدوجہد رقم کر دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب وقت کی ضرورت ہے کہ پاکستان اور بھارت خطے میں امن کے لیے جامع مذاکرات کا آغاز کریں۔صدر مسلم لیگ ن نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں مستقل امن کے عمل پر تمام توانائیاں صرف کریں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ پاکستان اور بھارت بھی کشمیر پر بامعنی مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ اتنے لمبے عرصہ سے زیر التوائ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جا سکے۔شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر افغانستان میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان فائر بندی کے معاہدے کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ درست سمت میں قدم ہے اور مجھے امید ہے کہ اس سے افغانستان میں مستقل امن کی راہ نکلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، ان میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مری میں پہلے مذاکرات کے لیے کلیدی کردار بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلی بار جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی تو خطے میں پائیدار امن اور افغانستان میں امن ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہو گا کیونکہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن کے لیے ناگزیر ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv