تازہ تر ین

سری لنکن بلے بازوں نے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

سری لنکا نے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایک بار پھر ٹورنامنٹ میں شاندار واپسی کی ہے۔ گروپ بی کے میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکنز کو 322 رنز کا پہاڑ جیسا ٹارگٹ دیا تھا، جسے آئی لینڈرز نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ 322 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے نیروشان ڈکویلا اور دھنوشکا میدان میں اترے، تاہم سکور ابھی 11 تک ہی پہنچا تو ڈکویلا غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد دھنوشکا اور مینڈس کی جوڑی نے ٹیم کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو 150 سے زائد رنز تک پہنچایا۔ سری لنکا کی دوسری وکٹ 170 کے سکور پر گری جب دھنوشکا رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ یادوو کی تھرو پر وکٹ کیپر دھونی نے انھیں رن آؤٹ کیا۔ دھنوشکا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے فوری بعد کشال مینڈس بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ مینڈس نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ اچانک دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان اینجلو میتھوز اور کشال پریرا نے بلے بازی کا صحیح معنوں میں حق ادا کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق بلے بازوں کی یاد تازہ کر دی۔ دونوں بلے بازوں نے 322 رنز کے ٹارگٹ کو اپنے اعصاب پر سوار نہ کیا اور انتہائی ذمہ داری کے ساتھ کھیلتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم ٹیم کا سکور 271 رنز پر پہنچا تو پریرا زخمی ہو کر واپس چلے گئے، انہوں نے 47 رن بنائے۔ اس کے بعد گونارتنے نے کپتان میتھوز کا ساتھ دیا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ کپتان اینجلو میتھوز 52 جبکہ آسیلا گونارتنے 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکن ٹیم نے 322 رنز کا مطلوبہ ہدف اڑھتالیس اعشاریہ چار اوورز میں حاصل کیا۔ اس سے قبل سری لنکن کپتان اینجلو میتھیو نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کے اوپننگ بلے باز روہت شرما اور شیکھر دھون نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بھارتی بیٹسمینوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی ںصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ انڈین ٹیم کی پہلی وکٹ 138 کے سکور پر گری جب جارحانہ انداز میں بلے بازی کر رہے روہت شرما کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ روہت شرما نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 78 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی۔ ان کی وکٹ ملنگا کے حصے میں آئی۔ اس کے فوری بعد کپتان ویرات کوہلی بھی بغیر رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ پرادیپ کی گیند پر ڈکویلا نے ان کا کیچ لیا۔ اںڈیا کی تیسری وکٹ 179 پر گری جب یووراج سنگھ بھی بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ یووراج سنگھ نے صرف 7 رنز بنائے اور ان کی وکٹ گونارتنے کے حصے میں آئی۔ اس کے بعد شیکھر دھون اور ایم ایس دھونی کی جوڑی نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور کو آگے بڑھایا۔ دھون نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ اسکے بعد جب انڈین ٹیم کا سکور 261 رنز پر پہنچا تو شیکھر دھون ملنگا کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شیکھر دھون نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 125 رنز بنائے۔ انڈیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاردک پانڈیا تھے جو صرف 9 رنز بنا کر لکمل کی گیند پر پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سابق انڈین کپتان دھونی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو 300 سے زائد تک پہنچایا۔ انہوں نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ تاہم اس کے فوری بعد وہ ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انڈیا نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے ملنگا دو وکٹیں حاصل کر کے کامیاب گیند باز رہے۔ دیگر باؤلرز میں لکمل، پرادیپ، پریرا اور گونارتنے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ –



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv