تازہ تر ین

”محنت کشوں کی بہتری،حقوق کی فراہمی کیلئے تجدید عزم کی ضرورت“ قومی رہنماﺅں کا یوم مئی پر اہم پیغام

لاہور، اسلام آباد (نمائندگان خبریں) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، مجھے یقین ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مدد سے ہم اپنے محنت کشوں کیلئے بہتر معیار زندگی حاصل کرسکتے ہیں اور ان کیلئے ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں، شکاگو کے شہیدوں نے جبر ، استحصال اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دیں۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہارمحنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر ،جو آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جارہاہے ، کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کیا ہے۔ صدرمملکت نے کہاکہ محنت کشوں کا عالمی دن ایک ایسا موقع ہے جس پر ہم کام کرنے والے مرد و خواتین کی خدمات کو سراہتے ہیں جو ملک کا ایک ناگزیر ستون ہیں، یہ دن شکاگو کے شہیدوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے جبر ، استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دی ہیں، اس دن ہم پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قومی تعمیر میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں۔ صدر نے کہاکہ یہ دن پاکستانی افرادی قوت کے کردار ، اس کی لگن اور عزم کی علامت کے طور منایا جاتا ہے ، جس نے پاکستان کو دنیا میں ایک باوقار اور ترقی پسند قوم بنانے کی سمت گامزن کیا۔ محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ حکومت مزدور طبقے کے مسائل اور ان کی ضروریات سے آگاہ ہے اور اپنی اس قیمتی قوت کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستانی مزدور طبقہ اپنے ترقی پسند نقطہ نظر اور پیداواری صلاحیت کی بنیاد پر امتیازی حیثیت رکھتا ہے ،وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت مزدور کی عزت اور وقار کو تحفظ دے گی، کسی بھی قوم کی اقتصادی طاقت اور قوت کا اندازہ وہاں کے محنت کش طبقے کی حیثیت اور معیار زندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ سے لگایا جا سکتا ہے۔ یو م مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے لہٰذا ہم پر لازم ہے کہ ان کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے معاوضے کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ اسلام محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور مناسب معاوضے کی ادائیگی پر بہت زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کر رکھی ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مزدور اللہ کا دوست ہے ہمارا مذہب ہمیں محنت کی عظمت کا درس دیتا ہے۔ غریب مزارعین اور صنعتوں کا پہیہ چالو رکھنے والے کارکن ہمارے نزدیک وہ سرمایہ ہیں جن کی محنت پر صنعتی اور زرعی پیداوار کا دارومدار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم مئی کا دن عالمی طور پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس دن دنیا بھر میں مزدوروں اور محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جاتی ہے۔ اس دن شکاگو میں محنت کشوں نے پوری دنیا کے مزدوروں کے بنیادی حقوق کی اہمیت اور اپنی حیثیت منوانے کیلئے ظلم و جبر کے سامنے سر جھکانے کے بجائے اپنی جانیں قربان کرکے مزدور طبقہ کے حقوق کی جدوجہد کی تاریخ مرتب کی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے مزدوروں کیلئے بہت سے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے مزدوروں کے یوم مئی کے پیغام میں کہا ہے کہ یوم مئی منانا اصل میں ان مزدوروں اور تنخواہداروں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرنا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ عہد دہرانا ہے کہ ان کے وقار کا تحفظ کریں گے اور ملک کے مزدوروں کو باعزت روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے یہ عہد بھی کیاکہ وہ نجکاری کے نام پر ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مزدوروں کو ان کے حقوق دلانے کے لئے اور زیادہ محنت اور جدوجہد کرے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ےکم مئی 1886 کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیںاور یہ دن ہمیں جبرواستبداد کےخلاف مزدوروں کی عظےم جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ محنت کش کا معیشت میںکردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔دےن اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دےتا ہے اور دین اسلام میں محنت کش کو اللہ تعالیٰ کا دوست قرار دےکر اس کی عظمت کا اعتراف کیا گیا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv