آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 111 رنز کا ہدف دے دیا۔
دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دے دی ہے۔
نیوزلینڈ نے آج کے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں ایک جبکہ بھارت نے 2 تبدیلیاں کی ہیں۔واضح رہے کہ بھارت، نیوزی لینڈ کو اب تک کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شکست نہیں دے سکا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچز کھیلے گئے ہیں اور دونوں میں ہی نیوزی لینڈنے بھارت کو شکست دی۔
پہلا مقابلہ 2007 جبکہ دوسرا 2016 میں کھیلا گیا تھا۔
پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ،6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
گروپ 2 میں نیوزی لینڈ اور بھارت ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی کیلئے آج دبئی کے میدان میں مد مقابل ہیں۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کو اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔آج کے میچ میں بھارت یا نیوزی لینڈ میں سے جو بھی میچ ہارتا ہے اس کیلئے ٹی ٹوئنٹی ولڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوجائے گا۔
بھارت یا نیوزی لینڈ میں سے جو میچ ہار جائے گا اس کے 2 میچز کے بعد صفر پوائنٹس ہی ہوں گے جبکہ ان دونوں ٹیموں کے اگلے میچز افغانستان ، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہوں گے۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں جیتنے والی ٹیم باقی 3 میچز میں کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے البتہ ہارنے والی ٹیم کا راستہ مشکل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔