تازہ تر ین

قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاﺅن، پنجاب میں 450ارب روپے کی ایک لاکھ 55 ہزار ایکڑ اراضی واگزار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے اور قبضہ مافیا سے ایک ایک انچ سرکاری اراضی واگزار کرانے تک آپریشن جاری رہے گا۔اب تک صوبہ بھر میں جاری آپریشن کے دوران غیر قانونی قابضین سے ایک لاکھ 55 ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ہے جس کی مالیت 450 ارب روپے بنتی ہے ۔ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف تاریخ کا سب بڑا آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ گزشتہ 7 روز کے دوران31اضلاع میں غیر قانونی قابض افراد سے 22 ارب 32کروڑ70 لاکھ روپے مالیت کی 12 ہزار 318 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف 403 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور 97 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں قبضہ مافیا کے ساتھ شوگر مافیا اور مہنگائی مافیا کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے ۔ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کسی جماعت یا مخصوص شخص کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ یہ آپریشن بلا تفریق ہو رہا ہے اور ہوتا رہے گا۔ میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمین پر قبضے میں سرکاری ملازم کے ملوث ہونے پر اینٹی کرپشن کارروائی عمل میں لاتا ہے ۔ہم نے بغیر کسی سیاسی وابستگی کے قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن شروع کیا، اس میں خواہ میرا کوئی رشتے دار ہو یا ہماری پارٹی کا عہدیدار سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں تا ہم پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائی تا کہ کورونا کا پھیلاؤ کم کیا جا سکے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ مکمل لاک ڈاؤن کرنا پڑے لیکن پھیلاؤ کو ہر صورت روکنا ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ نماز تراویح کے حوالے سے این سی او سی کے ساتھ مشاورت کے ساتھ مشترکہ فیصلہ کیا جائے گا۔ نادان دوست کہتے ہیں کہ پنجاب کو ریورس گیئر لگ گیااور ان نادان دوستوں کو پنجاب کی ترقی نظر نہیں آتی۔اب تک پنجاب میں 450 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے ۔13 سپیشل اکنامک زونز پر کام جاری ہے ۔ 1997 ء کے بعد پہلی بار صوبے میں 12 نئے ہسپتال بن رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی موجودہ لہر پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک ہے اورکورونا مریضو ں کے مثبت کیسز کا تناسب بہت بڑھ چکا ہے اورہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہو رہا ہے ۔لاہور سمیت بعض شہروں میں اس وقت کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے ۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پرقانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے کوٹ رادھا کشن میں گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے اور فائرنگ کے واقعہ کے بارے میں ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کر لی ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال میں کورونا ویکسین کی بعض خوراکیں غائب اور مزنگ ہسپتال میں کورونا ویکسین کی بعض خوراکیں ضائع ہونے کے حوالے سے خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی اور غیرجانبدارانہ انکوائری کاحکم دیدیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv