تازہ تر ین

عدنان شاہد فاﺅنڈیشن کے تحت 8سالہ بچے کی آنکھوں کا علاج شروع

ملتان (سپیشل رپورٹر) ”خبریں“ کے ایڈیٹر امتنان شاہد نے خصوصی دلچسپی لے کر ملتان کے ایک سپیشل پرسن سکول ٹیچر کے 8سالہ بیٹے کا عدنان شاہد فاﺅنڈیشن کے تحت انتہائی پیچیدہ علاج شروع کروا دیا۔ عبدالرحمن نامی بچے کی نظر اتنی کمزور ہوچکی تھی کہ اسے 2انچ کے فاصلے سے بھی الفاظ نظر نہیں آتے تھے۔ عبدالرحمن کے سپیشل پرسن والد جوکہ قوتِ سماعت سے محروم ہیں اور صرف لکھ کر بات کرسکتے ہیں‘ نے ایڈیٹر روزنامہ ”خبریں“ جناب امتنان شاہد کو خط لکھ کر اپنی اور اپنے بیٹے کی معذوری بارے بتاتے ہوئے اپیل کی کہ اگر میرے بیٹے کا فوری آپریشن ہوگیا تو وہ دیکھنے کے قابل ہوسکتا ہے۔ اس پر ایڈیٹر ”خبریں“ نے ”خبریں“ ملتان کو فوری احکامات جاری کیے کہ بچے کے والد عبدالقیوم خان کے گھر رابطہ کرکے اس کے بچے کا علاج کروایا جائے۔ روزنامہ ”خبریں“ نے بچے کے والد عبدالقیوم خان سے ان کے گھر واقع ریلوے کالونی ملتان رابطہ کیا اور بچے کی والدہ نے معصوم بچے عبدالرحمن کی کچھ رپورٹس جو چیک اَپ کرواکر بنوا رکھی تھیں‘ وہ دکھائیں اور بتایا کہ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اس کے علاج پر 1لاکھ سے زائد کا خرچ آتا ہے۔ اس پر ”خبریں“ نے ملتان کے معروف آنکھوں کے فضل الرحمن ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر میاں سلمان مبارک سے رابطہ کیا۔ انہوں نے سینئر اور ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ بٹھایا جس میں عبدالرحمن کی بینائی کی صورتحال اور علاج بارے حتمی فیصلہ کیا گیا۔ بعدازاں عبدالرحمن کا پہلے مرحلے میں شعاعوں کے ذریعے آپریشن کیا گیا جو کامیاب رہا اور عبدالرحمن کی بینائی پہلے سے قدرے بہتر ہوگئی ہے جبکہ چند ہفتوں بعد بیرونِ ملک سے خاص آنکھوں کے لینز منگواکر عبدالرحمن کو لگائے جائیں گے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان لینز کے لگنے کے بعد عبدالرحمن بالکل ٹھیک ہوجائے گا اور اگر ضرورت پیش آئی تو 18سال کی عمر میں ایک آپریشن ہوتا ہے‘ وہ کیا جائے گا۔ معصوم عبدالرحمن اپنے پہلے آپریشن کے بعد ہی کافی خوش تھا اور وہ لفظوں کو بآسانی دیکھ سکتا ہے۔
بچہ علاج



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv