تازہ تر ین

پی ایس ایل 4 : کوئٹہ گلیڈی ایٹرزچیمپئن

کراچی (آن لائن‘ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ فائنل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوئی، اختتامی تقریب سے قبل سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے گراو¿نڈ میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اختتامی تقریب میں گلوکار ابرار الحق، آئمہ بیگ اور فواد خان سمیت جنون بینڈ نے پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کیا جس پر گراو¿نڈ میں موجود شائقین بھی جھوم اٹھے۔ صدرمملکت عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ڈی جی رینجرز، وزیر ریلوے سمیت ارکان صوبائی اسمبلی بھی پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں موجود تھے ۔ ابتدائی طور پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی احسان مان نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا انکا کہنا تھا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل کرانا فخر ہے، کرکٹ کا گیم ہی لوگوں کے چہروں پر خوشی لاتا ہے، وزیر اعظم عمران خان سمیت وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سیکورٹی فورسز اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد سے پی ایس ایل کا فائنل یہاں ہو رہا ہے۔ آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فائنل ہے جو ٹیم جیتے گی وہ ٹرافی لے جائے گی، لیکن اصل ایوارڈ کے حق دار کراچی والے ہیں ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلے وعدہ کیا تھا پی ایس ایل یہاں لائیں گے، اس سال سارے میچز یہاں ہو رہے، کراچی والے جیت گئے، جو بھی ٹیم جیتے، جیت کرکٹ اور پاکستان کی ہوگی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہوگی کہ انٹرنینشل کرکٹ پاکستان آئے اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے اس کی شروعات ہو۔وزیرِاعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کراچی میں منعقد کروانے پر تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔مراد علی شاہ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائس چرچ میں شہید ہونے والے نمازیوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کے لواحقین ستے تعزیت بھی کی۔بعد ازاں لیجنڈری نازیہ حسن کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اور ان کے مختلف گانوں پر پرفارمنس پیش کی گئی۔ ان کے بعد فواد خان نے پاکستان سپر لیگ کے رواں برس کے ٹائٹل سانگ پر پرفارمنس پیش کرکے شائقین کو محظوظ کیا۔فواد خان کی پرفارمنس کے بعد پی ایس ایل فائنل کے مہمانِ خصوصی میں شامل سابق ہسپانوی فٹبالر کارلوس پیﺅل بھی اسٹیج پر تشریف لائے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں، یہاں سے بہت پیار مل رہا ہے اور میں ان کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہوں۔ایشیا کے معروف میوزیکل بینڈ جنون نے بھی پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں اپنی پرفارمنس سے محظوظ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کے مشہور ملی نغمے دل دل پاکستان پر بھی پرفارمنس دی۔خیال رہے کہ اس ملی نغمے کے اصل گلوکار وائٹل سائنز کے جنید جمشید تھے جو 7 دسمبر 2016 کو حویلیاں طیارہ حادثے میں 41 مسافروں اور طیارے کے عملے کے 5 اراکین سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔ پی ایس ایل فور کے فائنل کےلئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا اور 28 ہزار سے زائد افراد میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں پشاور زلمی کو آو¿ٹ کلاس کرتے ہوئے پاکستان سپرلیگ فور کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔تیسری بار فائنل کھیلنے والی گلیڈی ایٹرزنے ایک بار کی چیمپئن پشاورزلمی کا 139 رنز کا ہدف 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا اور 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بارٹائٹل اپنے نام کرلیا، اوپنر احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جب کہ روسو 39 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے، شین واٹسن 7 اور احسان علی 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔زلمی کی جانب سے وہاب ریاض واحد بولر تھے جنہوں نے ایک وکٹ حاصل کی، ان کے سوا کوئی بولر بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئےمیچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے زلمی کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے اور تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے، زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 138 رنز ہی بنا سکی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان پیسرمحمد حسین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے زلمی کی مضبوط بیٹنگ لائن کو اکھاڑ پھینکا اور صرف 4 اوورز کے کوٹے میں تیز رفتار بولنگ کرتے ہوئے 30 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔زلمی کے مستقل اوپنرز امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تاہم بائیں ہاتھ کے بیٹسمین امام الحق جلد بازی میں صرف 3 رنز پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے پیسر محمد حسنین کا شکار ہوگئے جس کے بعد 31 کے مجموعے پر کامران اکمل 21 رنز بنا کر چلتے بنے، زلمی کی تیسری وکٹ 62 رنز پر صہیب مقصود کی صورت میں گری جو 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔بائیں ہاتھ کے بیٹسمین عمرامین نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 38 رنز بنائے ،نبی گل 9، پولارڈ7، سیمی 18 اور وہاب ریاض 12 رنز بنا کرآٹ ہوئے، جورڈن بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔کوئٹہ کی جانب سے حسنین نے 3، براوو نے 2، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ کوئٹہ اور پشاور کی ٹیمیں تیسری بار فیصلہ کن معرکے میں پہنچی تھیں، دونوں فرنچائز ٹیمیں اس سے قبل 2017 کے ایڈیشن میں بھی مدمقابل آئیں تھیں، جس میں پشاور زلمی نے اولین بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم اس بارکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2برس قبل ملنے والی ناکامی کا حساب چکتا کر دیا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv