تازہ تر ین

احتساب جمہوریت کیلئے خطرہ نہیں : عمران خان

اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے کامیابی سے نکل رہا ہے، پاکستان کو جلد ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کی زندگی میں انقلاب لائے گی، منی لانڈرنگ میں ملوث افراد قوم کے مجرم ہیں، منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کامیاب رہا، پاکستان کامیابی کیساتھ معاشی بحران سے نکل رہا ہے اور پاکستان کو جلد ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے جب کہ پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کی زندگی میں انقلاب لائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ احتساب پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن کو گرفتاریوں پر جمہوریت یاد آ جاتی ہے جب کہ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر قانون فروغ نسیم، وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر،ڈی جی آئی ایس آئی ، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین ایف بی آر و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اسلام آباد(صباح نیوز) حکمران اتحاد کی قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد کے کامیاب دورہ پاکستان ، معیشت ،تجارت، دفاع، مواصلات ، زراعت و سماجی شعبوں میں اہم پاک سعودی معاہدوں پرمبارکباد دی ہے۔ حکمران اتحاد نے وزیراعظم کے بھارتی الزامات کے حوالے سے موثر بیان پر بھی مبارکباد دی ہے جبکہ وزیراعظم نے ملک میں یکطرفہ احتساب کے تاثر کو سختی سے مسترد کردیا ہے ۔ واضح کیا گیا ہے کہ احتساب کے سخت عمل کے حوالے سے متعلقہ ادارے آزادی و خودمختاری سے کام کررہے ہیں ۔ حکمران اتحا د کی پارلیمانی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں ارکان اسمبلی کو اہم خارجہ امور، ملک کی موجودہ صورتحال ، قانون کی حکمرانی ، احتساب کے معاملے پر اعتمادمیں لیا گیا ۔حکمران اتحادکو پارلیمانی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی معاملات پر اپنی تجاویز سے آگاہ کردیا ہے۔ پارلیمانی جماعت نے کہا ہے کہ حکومت کسی دباﺅ میں آئے بغیر قومی معاملات میں پیش رفت کا سلسلہ جاری رکھے۔پارلیمانی جماعت نے بھارتی دھمکیوں کیخلاف وزیراعظم کے دوٹوک موقف پر انہیں مبارکباد دی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس معاملے پر پوری قوم ریاست پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ ارکان اسمبلی نے حکومتی تجویز دی کہ کسی بھی صورت میں بھارتی دھمکیوں سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیںہے۔ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے ، دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا ۔ پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کی پالیسی اور مذاکرات سے دیرینہ تنازعات حل کرنے کی خواہش اور کوششوں کی بھی پارلیمانی جما عتوں نے تعریف کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کو حکومت اور اتحادیوں کے تعلقات کار کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا ۔ پارلیمانی جماعت نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پرتشویش کا اظہارکیا۔ قبل ازیں وزیراعظم ہا¶س میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد قوم کے مجرم ہیں۔ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے۔ قو م کا پیسہ چوری کر کے بیرون ملک ذاتی خزانے بھرنے کی روش سے نہ صرف ملک سنگین مالی صورتحال سے دوچار ہو رہا ہے قوم کو قرضوں کے دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ ملک کے لئے سنگین خطرہ ہے اور اس کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا۔ منی لانڈرنگ کے خلاف انتظامی قانونی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے خود کو نہ بدلا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے حالات آج مشکلات کا شکار ہیں، ہم نے خود کو تبدیل نہ کیا تو معاملات اور مشکل ہوجائیں گے۔ ہم ان لوگوں کی قدر کرتے ہیں جو ٹیکس دیتے ہیں، پاکستان کے وی آئی پیز وہ ہیں جو ٹیکس دیتے ہیں، 17 لاکھ ٹیکس فائلرز 21 کروڑ لوگوں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، ملک میں صرف 72 ہزار ایسے لوگ ہیں جنہوں نے اپنی آمدنی کو 2 لاکھ روپے سے زیادہ ظاہر کر رکھا ہے۔ ہم عام لوگوں پر ٹیکس لگاتے ہیں جو ناانصافی ہے، یہ ظلم کا نظام ہے کہ غریب عوام پر بوجھ ڈال دیا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے پاس گیس کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، گیس کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو گیس کمپنیاں بند ہوجاتیں۔ مدینہ کی ریاست دنیا کا کامیاب نمونہ تھا، اس کی بنیاد پر مسلمان 700 سال تک سب سے آگے رہے، مدینہ کی ریاست میں زکوآ کا نظام رائج کیا گیا، جس کے تحت امیر لوگوں سے وصولی کی جاتی اور اسے غریبوں پر خرچ کیا جاتا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں صرف 72 ہزار ایسے لوگ ہیں جنہوں نے اپنی آمدنی کو 2 لاکھ روپے سے زیادہ ظاہر کر رکھا ہے۔ 17 لاکھ ٹیکس فائلرز 21 کروڑ لوگوں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، ہم عام لوگوں پر ٹیکس لگاتے ہیں جو ناانصافی ہے، یہ ظلم کا نظام ہے کہ غریب عوام پر بوجھ ڈال دیا جائے۔ کسی کو قومی خزانے سے بیرون ملک علاج کرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس ریٹ نہیں ٹیکس نیٹ بڑھانے پریقین رکھتے ہیں، ایف بی آر میں اصلاحات لارہے ہیں جس کے ذریعے ہم ٹیکسوں کی مد میں 8 ہزار روپے وصول کرسکتے ہیں۔ کسی کو قومی خزانے سے بیرون ملک علاج کرانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم نے وزیر اعظم آفس کے اخراجات میں30فیصد کمی کی ہے، اپنے گھر کو کیمپ آفس ڈکلیئر نہیں کیا، اپناخرچہ خود اٹھاتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان سے برطانوی کنزرویٹو پارٹی کی رہنما سعیدہ وارثی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،وفد نے کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس کےلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی جبکہ معاشی چیلنجز پر قابو پانے کےلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا،وزیراعظم عمران خان نے بھارتی جنگی جنون اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھایا جانے والے مظالم پر وفد کو آگاہ کیا۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے برطانوی کنزرویٹو پارٹی کی سعیدہ وارثی نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاﺅس میں وزیراعظم چیمبر میں ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور ترقی کےلئے ڈی ایف آئی ڈی کا کردار قابل تحسین ہے، نوجوانوں کےلئے روزگار کے مواقع اور پیشہ وارانہ ترقی کےلئے شراکت داری مضبوط کرنا ہو گی۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے برطانوی بین الاقوامی ترقی اور خواتین کی بہبود کی وزیرنے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ملاقات میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، معاون خصوصی نعیم الحق، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر اور ڈی ایف آئی ڈی کی سربراہ نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور ترقی کےلئے ڈی ایف آئی ڈی کا کردار قابل تحسین ہے، نوجوانوں کےلئے روزگار کے مواقع اور پیشہ وارانہ ترقی کےلئے شراکت داری مضبوط کرنا ہو گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv