واشنگٹن (ویب ڈیسک) شہزادہ محمد بن سلمان نے بااثر یہودی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات میں کہا ہے کہ فلسطینی یا تو امریکہ کی جانب سے پیش کیا جانے والا امن معاہدہ قبول کریں یا اپنی بکواس بند کریں ، سعودی عرب کو اور بہت سے مسائل کا سامنا ہے اس لیے فلسطین ہماری پہلی ترجیح نہیں ہے۔ محمد بن سلمان کی یہ بات سن کر شرکا تقریباً اپنی کرسیوں سے گر پڑے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ امریکہ کے دورے کے دوران 27 مارچ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نیو یارک میں یہودیوں کی مختلف تنظیموں کے سربراہان سے بند کمرے میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں محمد بن سلمان نے فلسطینی صدر محمود عباس کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ یہ معلومات اسرائیلی وزارت خارجہ کی ایک سفارتی کیبل سے حاصل کی گئی ہیں جو نیو یارک میں قائم اسرائیلی قونصلیٹ سے بھجوائی گئی ، اس کے علاوہ ایسے 3 امریکی اور اسرائیلی افراد جنہیں اس میٹنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی ان سے بھی معلومات حاصل کی گئی ہیں۔