کراچی: (ویب ڈیسک) شوبز فنکاروں نے 28 اپریل کو مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کی ہے۔
عفت عمر نے ٹوئٹر پر لکھا ’’پاکستان کو مدینے جیسا بنانا تھا مدینے کو پاکستان جیسا نہیں‘‘۔
اداکار فیصل قریشی نے بھی مسجد نبویﷺ میں کابینہ ارکان کے خلاف نامناسب نعرے لگانے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ’’رسول اکرم محمد مصطفیٰﷺ کے روضہ اطہر کے قریب مسجد نبویﷺ میں بلند آواز یں کسنے اور گالم گلوچ کرنے والوں کے مکروہ فعل کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔
آخر یہ کیسا سیاسی اختلاف اور اتنا بھی کیا متشدد پن کہ روضہ اطہر کے تقدس کا بھی احترام نہ کیا گیا،استغفراللہ۔
قرآن کریم کی یہ آیت پڑھ کر رونگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں؛ ترجمہ ’’اے ایمان والوں! اپنی آوازیں نبیﷺ کی آواز پر اونچی نہ کرو اور ان کے حضور زیادہ بلند آواز سے کوئی بات نہ کہو جیسے ایک دوسرے کے سامنے بلند آواز سے بات کرتے ہو کہ کہیں تمہارے اعمال برباد نہ ہوجائیں اور تمہیں خبر نہ ہو۔‘‘ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت عطا فرمائے آمین۔
اداکارہ سعدیہ خان نے بھی مسجد نبویﷺ میں نعرے لگانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ روضہ رسول ﷺ پر یہ افسوسناک حرکت کرنے والے لوگوں کو شرم آنی چاہئے۔ اسلام نے ہمیں یہ نہیں سکھایا۔ دنیا کے مقدس ترین مقام سے اپنی گندی سیاست کو الگ رکھیں اور اگر آپ ان مقدس مقامات کا احترام نہیں کرسکتے تو وہاں نہ جائیں۔
گزشتہ روز کامیڈین و میزبان شفاعت علی نے بھی مسجد نبویﷺ میں سیاستدانوں کے خلاف نعرے بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا تھا حرمین شریفین کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرنا بند کریں۔ خدا سے ڈریں!‘‘۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 28 اپریل کو اپنے 13 رکنی وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے تھے۔ بعد ازاں وزیر اعظم اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچا جہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے نعرے بازی شروع کر دی جس کی متعدد شخصیات کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے۔