سرینگر: (ویب ڈیسک) جنت نظیر وادی پر قابض فوج کی جبری پابندیوں کا 26 واں روز ہے، کشمیریوں نے آج کرفیو اور پابندیاں توڑ کر باہر نکلنے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی فوج ک خلاف زبردست مظاہرے کیے جائیں گے۔وادی میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ سڑکوں پر سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے، طالبعلم سکول سے غیر حاضر ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرفیو اور پابندیوں کے باجود آج نماز جمعہ کے بعد کشمیری مظاہروں کے لیے باہر نکلیں گے، بھارتی فوج کے خلاف زبردست احتجاج کیا جائے گا۔قابض فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں بارہمولا میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ 5 اگست سے اب تک 500 چھوٹے بڑے مظاہرے ہوچکے ہیں۔ بھارتی فوج کی فائرنگ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کی شیلنگ سے سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے، حکومتی اہلکار کے مطابق اب تک 36 افراد پیلٹ گن سے زخمی ہوئے ہیں۔