واشنگٹن:(ویب ڈیسک) وائٹ ہاو¿س نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی ہم منصب ڑی جن پنگ نے ملاقات سے متعلق کوئی پیشگی شرائط نہیں رکھی ہیں۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چینی ہم منصب ڑی جن پنگ سے جاپان میں ہونے والی جی 20 سمٹ میں ملاقات کریں گے، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے خاتمے کے امکانات ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ چین کے ساتھ جلد معاہدہ طے پاجائے گا، جس کے ذریعے تجارتی جنگ کا خاتمہ ممکن ہے۔حکام نے امریکی میڈیا میں چھپنے والی ایسے خبروں کو رد کر دیا جن کے مطابق چینی صدر اس ملاقات میں ٹرمپ کو مطالبات کی ایک فہرست پیش کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تنازعے کو ختم کیا جا سکے۔اس اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خصوصی طور پر اپنے روسی اور چینی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے، اس دوران تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے حکمت عملی ممکن ہے۔ٹرمپ کا اپنے تازہ بیان میں کہنا تھا کہ یہ بات ممکن ہے کہ چینی صدر ڑی جن پنگ کے ساتھ ملاقات میں وہ ایک ایسے معاہدے پر متفق ہو جائیں جس کے بعد مزید چینی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد نہ کرنا پڑیں۔خیال رہے کہ جی ٹوئنٹی اجلاس آج سے جاپان کے شہر اوساکا میں شروع ہورہا ہے جس میں 20 ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے، اس سلسلے میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔