لاہور(آئی این پی)قسمت کی دیوی عمراکمل پر پھر مہربان ہوگئی ، پی ایس ایل میں ناکامی کا تمغہ لینے اور فٹنس برقرار نہ رکھنے کا معاملہ نظر انداز ، انتظامیہ نے نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ کیلئے پنجاب کی کپتانی عمر اکمل کو سونپ دی۔ حیرت کی بات ہے کہ جو کھلاڑی قومی ٹیم کے لئے ان فٹ قرار پائے اسے پنجاب کی ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ۔ پریکٹس میچ میں ایک سنچری بنانے کا انعام کپتانی کی صورت میں دے دیا گیا۔ آئندہ پیر اور منگل کو لاہور میں پنجاب کی ٹیم کی ڈرافٹنگ ہوگی ، ٹورنامنٹ میں پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، کے پی کے اور اسلام آباد کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں عمر اکمل خاطر خواہ کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے صرف ایک دو میچوں میں انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ، اب انتظامیہ نے اتنے اہم ایونٹ کے لئے پنجاب کی ٹیم کی قیادت سونپ کر نئی امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ کرکٹ شائقین سوال کر رہے ہیں کہ کیا ان فٹ عمر اکمل ہی پنجاب کی ٹیم کی قیادت کے لئے رہ گیا تھا ۔انتظامیہ صرف سفارشی کھلاڑیوں کو نواز رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی فٹ اور بھرپور فارم والے کھلاڑی کو پنجاب کی ٹیم کی قیادت سونپی جانی چاہئے تھی۔