امریکی پولیس نے بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتل اور گینگسٹر گولڈی برار کے امریکا میں قتل ہونے کی خبروں سے متعلق بیان جاری کردیا۔
گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کیلیفورنیا میں دو افراد کے درمیان تصادم ہوا، اس تصادم میں فائرنگ بھی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ان دو افراد میں سے ایک شخص کو گولی لگی تھی جوکہ اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
بھارتی میڈیا پر قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کا قاتل گینگسٹر گولڈی برار تھا جوکہ گزشتہ کئی سالوں سے کینیڈا میں مقیم تھا۔
اب امریکی پولیس نے بھارتی میڈیا کی رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے گولڈی برار کے ہلاک ہونے کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔
امریکی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ محکمہ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کررہا ہے لیکن ہم یہ تصدیق کرچکے ہیں کہ اس واقعے میں قتل ہونے والا شخص گولڈی برار نہیں ہے۔
امریکی پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 37 سالہ زیویئر گولڈنی کے نام سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ مئی 2022 میں نامعلوم حملہ آوروں نے سدھو موسے والا کی گاڑی پر فائرنگ کرکے اُنہیں قتل کردیا تھا، گلوکار کو 30 گولیاں لگی تھیں جبکہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔
بعدازاں، بھارت کو انتہائی مطلوب گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار نے اعتراف کیا تھا کہ سدھو موسے والا کا قتل اُن کے گینگ نے کیا ہے۔