بغداد: عراق کی معروف ٹک ٹاک اسٹار اوم فہد کو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کردیا، ان کا چند روز قبل ہی عراقی باربی کہلائے جانے والی سوشل میڈیا اسٹار سے جھگڑا ہوا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک اسٹار کو مقامی عدالت نے غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے پر 6 ماہ قید کی سزا بھی سنائی تھی۔ اُن پر غیر شائستہ اور عوامی اخلاقیات کو مجروح کرنے والا مواد اپ لوڈ کرنے کا الزام تھا۔
اوم فہد کا اصل نام غفران سوادی تھا اور وہ ٹک ٹاک پر عراقی موسیقی کے ساتھ شاپنگ اور فوڈ وی لاگز اپ لوڈ کرتی ہیں اور فالورز کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی وہ گھر سے باہر نکلتی ہے۔ سیاہ لباس اور ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار مزمان اُن پر فائرنگ کردیتے ہیں۔
ٹک ٹاک اسٹار کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ تاحال پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔ قتل کے محرکات کا بھی علم نہ ہوسکا۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔
بی بی سی کے مطابق حال ہی میں پلاسٹک سرجری کے ذریعے خود کو باربی کا روپ دینے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر دالیہ نعیم کے ساتھ اوم فہد کا جھگڑا ہوا تھا۔ دالیہ نعیم ‘عراقی باربی’ کے نام سے مشہور ہیں۔
یاد رہے کہ اوم فہد پہلی عراقی سوشل میڈیا پرسنالٹی نہیں ہیں جن کو قتل کیا گیا ہو، ایک سال قبل 23 سالہ ٹک ٹوکر نور الصفر کو بھی اسی طرح قتل کیا گیا تھا۔