بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے روایتی حریف پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کردی۔
سابق انگلش کرکٹ مائیکل وان نے ایک پوڈ کاسٹ کی میزبانی کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما سے سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ پاکستان اور بھارت کا مستقل بنیادوں پر کھیلنا کرکٹ کیلئے فائدہ مند ہوگا؟۔
اس پر بھارتی کپتان نے جواب دیا کہ میں اس پر پوری طرح یقین رکھتا ہوں! پاکستان ایک اچھی ٹیم ہیں، ان کے پاس شاندار باؤلنگ لائن اپ ہے اور شائقین کو ٹکر کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
روہت شرما نے کہا کہ میرے خیال میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا آخری ٹیسٹ میچ 2006 یا 2008 [2007] میں کھیلا گیا تھا، جہاں وسیم جعفر نے کولکتہ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔
مائیکل وان نے روہت سے سوال کیا کہ کیا وہ پاکستان کیساتھ باقاعدہ سیریز شیڈول ہونے کو پسند کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم مقابلہ کرنا چاہتے ہیں! آئی سی سی مقابلوں میں بھی تو کھیلتے ہیں، مجھے کرکٹ میں دلچسپی ہے اور میں کچھ نہیں دیکھ رہا۔
واضح رہے کہ سال 2007 کے بعد سے دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی گئی، خراب سیاسی تعلقات کے باعث روایتی حریف محض آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔