پیرس : (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلین اوپن چیمپئن سربیا کے نامور ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے چار درجے ترقی پاکر ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
آئی ٹی ایف کی طرف سے جاری کردہ مینز رینکنگ میں سربین سٹار نوویک جوکووچ آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن نے ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
سپین کے کارلوس الکاراز تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں ، آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگلز مقابلوں کے رنر اپ یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس ایک درجہ ترقی پاکر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ، ناروے کے کیسپر رڈ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ۔
روسی ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں، ہسپانوی ٹینس سٹار اور 22گرینڈ سلام کے چیمپئن رافیل نڈال چار درجے تنزلی کے بعد دوسرے سے چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ کینیڈین کھلاڑی فیلکس آگر ساتویں نمبر پر برقرار ہیں۔
امریکی کھلاڑی ٹیلر فریٹز ،ڈنمارک کے ہولگر ، پولینڈ کے ہربرٹ ہرکاز اور برطانوی کیمرون نوری ایک ایک درجہ ترقی پاکر بالترتیب آٹھویں، نویں، دسویں اور گیارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ، امریکا کے ٹومی پال کی 16 درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ 19 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
ادھر ویمنز سنگلز میں پولینڈ کی آئیگا سویٹیک بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز مقابلوں کی فاتح بیلاروس کی آریانا سابالینکا تین درجے ترقی پاکر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں، تیونس کی اونس جبیر، امریکا کی جیسیکا پیگولا اور فرانس کی کیرولین گارشیا کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ بالترتیب تیسرے ،چوتھے اور پانچویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔
امریکا کی کو کو گف ایک درجہ ترقی پا کر چھٹےنمبر پر پہنچ گئیں ، یونانی ٹینس کھلاڑی ماریہ سکاری ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے سے ساتویں نمبر پر جبکہ روس کی ڈاریا کساتکینا بدستور آٹھویں نمبر پر قائم ہیں، بلیندا بنکک ایک درجہ ترقی پاکر نویں جبکہ قزاخستان کی ایلینا ریباکینا 15 درجے ترقی پاکر دسویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں ۔
پولینڈ کی میگڈا لینیٹ نے بھی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 23 درجے ترقی پاکر 22ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔