تازہ تر ین

ٹھیک ہوتے ہی کال دوں گا اور پھر سڑکوں پر نکلوں گا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) لانگ مارچ میں زخمی ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرے ملک کو پتا چلنا چاہیے کس نے مجھ پر حملہ کیا، حکومت میں رہا تو میرے تعلقات بھی ہیں، اس لیے میرے پاس خبریں آتی ہیں، پہلے پتا تھا وزیر آباد یا گجرات میں مجھے مارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔مجھ پر سلمان تاثیر کی طرح قتل کروانے کا منصوبہ بنایا گیا۔
وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں زخمی ہونے کے بعد شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے اوپرحملہ کیا گیا اور مجھے مارنے کی کوشش کی گئی، لانگ مارچ میں روانہ ہونے سے ایک دن پہلے پتا چلا تھا کہ وزیر آباد یا گجرات میں مجھے مارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وزیرآباد حملے میں انہیں 4 گولیاں لگی ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو نے دھمکی دی کہ عمران خان کو ہٹا دیں اور تحریک عدم اعتماد کے ذریعے حکومت گرادی جاتی ہے۔ مجھے لوگ ووٹ اس لیے دیتے ہیں کہ لوگ ان سے تنگ تھے اور اس کے بعد وہی اسٹیبلشمنٹ فیصلہ کرتی ہے کہ اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے اور وہ ان کو واپس لے آتی ہے اور یہی سازش ہوتی ہے۔ ایک بیرونی اور ایک اندرونی سازش ہوتی ہے اور کہتے ہیں ہم نیوٹرل ہوگئے ہیں، نیوٹرل کا کوئی بھی مطلب لیں، انہیں پتا تھا سازش ہو رہی تھی لیکن راستہ نہیں روکا۔ اس ملک میں اسٹیبلشمنٹ کو عادت پڑگئی تھی کہ جہاں وہ دھکیلیں گے لوگ وہاں چلے جائیں گے، جب وہ تبدیلی لے کر آتے ہیں مٹھائیاں بٹتی ہیں، اسٹیبلشمنٹ کو یہ عادت تھی، ان کو ایک دھچکا پڑا کہ پاکستانی قوم نے فیصلہ کیا 30 سال سے جو چوری کر رہے ہیں ان کے ساتھ نہیں جانا چاہتے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 90ء کی دہائی میں دو حکومتوں کو کرپشن کی وجہ سے نکالا گیا، ان لوگوں نے اس وقت مٹھائیاں بانٹیں تھیں، پرویز مشرف نے اس کے بعد ان کو این آر او دینے کا فیصلہ کیا، این آر او کی وجہ سے پاکستان کا قرضہ چار گنا بڑھا، اب یہ این آرو ٹو لے رہے ہیں، میں تو جدوجہد کر کے اوپر آیا تھا، واپس توعوام میں ہی جانا تھا، جس طرح عوام نے میری حوصلہ افزائی کی حیران رہ گیا، ہم نے25مئی کولانگ مارچ کا اعلان کیا، انہوں نے ہمارے خلاف 3 لانگ مارچ کیے تھے، انہوں نے 25 مئی کوہمارے لوگوں پرتشدد اورلوگوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں خواتین پرشیلنگ کی گئی، کیا لانگ مارچ ان کے لیے جائزہے؟ سازش کے ذریعے چوروں کو بٹھا دیا گیا ہم نے احتجاج کیا تو تشدد کیا گیا، یہ پاکستان کی عوام کو نہیں سمجھ سکے، بند کمروں میں فیصلے کرتے ہیں، حقائق کا ان کو پتا نہیں قوم نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا تھا، حقائق جاننے کے بجائے بھیڑ، بکریوں کی طرح لوگوں کو مارا گیا، ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن نے ہرقسم کی ان کے لیے دھاندلی کی، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی مخالفت کی، ای وی ایم کو جان بوجھ کر نہیں آنے دیا گیا، دوپارٹیوں اورہینڈلرزنے ای وی ایم کی مخالفت کی۔ اس کے باوجود تحریک انصاف نے کلین سوئپ کیا، اس کے بعد ہینڈلر آ جاتا ہے جو کہتا ہے میں بتاؤں گا کیسے سیدھا کیا جاتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے نااہل کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو استعمال کیا گیا، توشہ خانہ کا سارا ریکارڈ موجود ہے، اس میں چوری کی کوئی گنجائش نہیں، توشہ خانہ کیس میں ڈس کوالیفائی کر دیا گیا، اس لیے نااہل کیا گیا نوازشریف کا حکم تھا، نواز شریف نے اربوں روپے چوری کیے، اسحاق ڈار کا بیان حلفی موجود ہے شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرتا رہا، حدیبیہ پیپرزملزکیس میں بھی این آر او مل جاتا ہے، پاناما انکشافات میں پتا چلا ایون فیلڈ فلیٹس نواز شریف کے ہیں، آج تک نوازشریف نے فلیٹ کی ایک منی ٹریل نہیں دی، میں نے عدالت کوچالیس سال کا اپنا ریکارڈ پیش کیا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ میرا موازنہ نوازشریف سے کر رہے ہیں، نوازشریف کہہ رہا ہے لیول پلائنگ فیلڈ نہیں، وہ چاہتا ہے الیکشن کمیشن مجھے نااہل کرے، چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کا نوکر ہے، مجھ پرغلط الزام لگائے، چیف الیکشن کمشنر پر ہرجانہ دائر کروں گا، تحریک انصاف نے 40 لاکھ ڈونرزکا ریکارڈ دیا، باقی کسی پارٹی نے اپنے کسی ڈونرزکا ریکارڈ نہیں دیا، مشرف دورمیں مجھے جیل ڈالا گیا، آج جو کچھ ہو رہا ہے ایسا پرویز مشرف کے مارشل لا میں بھی نہیں ہوا تھا، میری نظرمیں ارشد شریف پاکستان کا نمبر انویسٹی گیشن صحافی تھا، مجھے صحافیوں اور ارشد شریف کے گھروالوں کو پتا ہے کون اس کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب پتا چلا کہ عوام کدھرکھڑی ہے، آپ تھوڑا وقت سب کو پاگل بنا سکتے ہیں ہر وقت نہیں، 9 سیٹوں میں سے 8 سیٹیں جیتا ہوں جو ورلڈ ریکارڈ ہے، عوام بتا رہی ہے وہ کدھر کھڑے ہیں لیکن عوام کی نہیں سنی جا رہی۔ اپنی ویڈیوبنائی ہوئی ہے اگر کچھ ہوا تو یہ چار لوگ ذمہ دار ہونگے، میرے ملک کو پتا چلنا چاہیے کس نے مجھ پر حملہ کیا، حکومت میں رہا تو میرے تعلقات بھی ہیں، اس لیے میرے پاس خبریں آتی ہیں، جوکچھ انہوں نے چھ ماہ کے اندرکیا زیادہ ترلوگ متنفرہے۔ لوگ ان سے تنگ ہے اس لیے سازشوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 لوگوں نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر جیسا قتل کرنے کا پلان کیا، انہوں نے میرے بیانات کو توڑ مروڑ کر ویڈیو بنائیں تاکہ پتا چلے دین کی توہین کی، وزیرآباد میں جو کچھ ہوا یہ پلان تھا، اس پلان کے بارے میں 24 ستمبر جلسے میں آگاہ کر چکا ہوں، مجھے پتا تھا یہ جومرضی کرلیں لانگ مارچ میں عوام نے نکلنا تھا، یہ کرپٹ لوگ ہے اوربڑے بزدل ہوتے ہیں۔ یہ اپنے پیسے کو بچانے کے لیے ہر انتہا کو جائیں گے، یہ وہ 3 لوگ نہیں جن کے ویڈیو میں نام بتائے ہیں، 3 لوگوں نے مجھے مارنے کا پلان بنایا، رانا ثنا قاتل ہیں اس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کوقتل کرایا، ان کوخوف تھا کہیں اسلام آباد نہ آجاؤں۔ عابد شیر علی کے والد نے کہا رانا ثنا نے 18 قتل کرائے، شہباز شریف کیس میں گواہ کیسے مرے، کبھی کسی نے تحقیقات نہیں کیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف،رانا ثنا نے پلان بنایا، ساتھ ڈرٹی ہیری مل گیا، ڈرٹی ہیری نے کہا تھا فکر نہ کرو اس پارٹی کو ٹھکانے لگاؤں گا۔ ڈرٹی ہیری نے خوف پھیلایا، ڈرٹی ہیری نے پہلے شہبازگل پھر اعظم سواتی پرتشدد کرایا، اعظم سواتی نے کھل کر ان کا نام لیا۔ اعظم سواتی کو ننگا کر کے ذلیل کیا، سینیٹر اعظم سواتی پرتشدد سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی، سواتی عدالت میں کھڑا ہوگیا ہے، ان تین نے مجھے قتل کرنے کا فیصلہ کیا، اس دن جب میں کنٹینر پر تھا ایک دم گولیاں کا ایک برسٹ فائر ہوا، جب میں گرا تو دوسرا برسٹ آگے سے آیا، جب میں گررہا ہوتا ہوں تومیرے اوپر گولیاں گزریں۔ جب میں گرا اس نے سوچا ہوگا میں مرگیا ہونگا، یہ جنونی شخص انتہا پسند نہیں پورا ایک پلان تھا، اس شخص کے ساتھ اور لوگ بھی ملوث ہیں، شہید معظم کو سلام پیش کرتا ہوں، ابتسام نے بھی اس کوپکڑا اگرنہ پکڑتا تو مزید لوگوں کو گولیاں لگنا تھیں، یہ پورا پلان پہلے کا بنا ہوا تھا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv