تازہ تر ین

ایپل کی نئی اور سب سے منفرد ڈیوائس جلد متعارف کرائے جانے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ایپل کو آئی فونز ، آئی پیڈز اور میک کمپیوٹر ڈیوائسز کے لیے جانا جاتا ہے مگر اب یہ کمپنی ایک نئی ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس کو پیش کرنے والی ہے۔
ایپل کی جانب سے اگیومینٹ رئیلٹی (اے آر) اور ورچوئل رئیلٹی (وی آر) ٹیکنالوجی پر مشتمل پہلا ہیڈ سیٹ جنوری 2023 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
ایپل ڈیوائسز کے حوالے سے تفصیلات بتانے والے تجزیہ کار منگ چی کیو نے بتایا کہ یہ اے آر/ وی آر ہیڈ سیٹ ایپل کی ڈیزائن کردہ سب سے پیچیدہ پراڈکٹ ہوگی۔ایپل کی جانب سے اس شعبے میں دیگر کمپنیوں جیسے میٹا (فیس بک کمپنی کا نیا نام) کو ٹکر دی جائے گی۔
چی منگ کیو نے بتایا کہ اس نئے شعبے میں حریف کمپنیوں کو ٹکر دینے کے ساتھ ساتھ کمپنی کو متعلقہ سروسز اور دیگر شعبوں کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ایپل کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ایپل کے سی ای او ٹم کک نے حال ہی میں ایک بیان میں اے آر ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی انڈسٹری اس نئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے اور ہمیں اس میں بہت زیادہ مواقع نظر آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ انتظار کریں اور دیکھیں ہم اس حوالے سے آپ کو کیا پیش کرتے ہیں۔
سابقہ لیکس کے مطابق ایپل کی جانب سے اس ہیڈ سیٹ کے لیے آپریٹنگ سسٹم کی تیاری پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔
یہ ہیڈ سیٹ اگیومینٹ اور ورچوئل رئیلٹی ٹیکنالوجی کے امتزاج پر مبنی ہوگا اور یہ 2015 میں ایپل واچ کے بعد امریکی کمپنی کی پہلی نئی ٹیکنالوجی ڈیوائس ہوگی۔
آنے والے برسوں میں اس کو آئی فون کا متبادل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کا مقصد 10 برسوں اے آر ٹیکنالوجی کو آئی فون کی جگہ دینا ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv