کوسٹاریکا: (ویب ڈیسک) جنگلی حیات کے تحفظ سے وابستہ ایک خاتون افسر نے درخت سے گر کر اپنی ماں سے بچھڑ جانے والے سلاتھ جانور کے بچے کو دوبارہ ماں کے حوالے کردیا ہے۔ اس سارے مرحلے کی ویڈیو بنائی گئی جو بہت مقبول ہورہی ہے۔
کوسٹا ریکا میں جانوروں کے تحفظ سے وابستہ جیگوار ریسکیو سینٹر کی ایک خاتون رکن کو سلاتھ جانور کا ایک نحیف بچہ ملا تھا جو درخت سے گرگیا تھا اور اوپر چڑھنے سے قاصر تھا۔
عملے سے وابستہ ایک خاتون نے نوٹ کیا کہ یہ بچہ اپنی ماں سے بچھڑ کر غمزدہ ہے اور رورہا ہے۔ زمین پر پڑے بچے کو عملے نے اٹھایا۔ شاید بچے کی صدا والدہ تک نہیں پہنچ پائی تھی جس کی وجہ بلند درخت پر اس کا مسکن اور زمین سے دوری قرار دیا جارہا ہے۔
جیگوار ریسکیو سینٹر کی شریک بانی ڈاکٹر اینکار گارشیا نے بتایا کہ سب سے پہلے ہمیں سلاتھ کے بچے کی صحت کی فکر ہوئی ہے۔ اسے مرکز لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا چیک اپ کیا اور مکمل تندرست قرار دیا ۔
اس کے بعد عملے بچے کو لے کر ماں کی تلاش میں نکلا لیکن اس کی ماں نہیں مل رہی تھی۔ اس کے بعد مرکز کے لوگوں نے بچے کے رونے کی آواز ریکارڈ کی اور اسے مختلف درختوں پر لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے تیز آواز میں سنایا گیا۔ لیکن انتہائی بلند اور گھنے درختوں کی وجہ سے مشکل بھی پیش آئی۔
آخرکار ایک درخت سے مادہ سلاتھ اتر آئی اور اپنے بچے کو آغوش میں لے کر اسے پیار کرنا شروع کیا۔ یہ سارا منظر ایک ویڈیو میں ریکارڈ ہوگیا جسے دنیا بھر میں لاکھوں کروڑوں لوگوں نے دیکھا اور سراہا ہے۔