سیئول: (ویب ڈیسک) امریکا کے صدر جوبائیڈن شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے تجربات اور یوکرین جنگ کے تناظر میں ایشیائی ممالک کے 3 روزہ دورے پر جنوبی کوریا پہنچ گئے جس کے بعد وہ جاپان جائیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں۔ امریکی صدر نے 3 روزہ دورے کا آغاز جنوبی کوریا سے کیا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب یون سوک یول سے دوبدو ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے حریف ملک شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے تجربات اور ممکنہ جوہری میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں شمالی کوریا کو جارحیت سے روکنے کے لیے اقدامات پر غور کے علاوہ کورونا وبا سمیت یوکرین میں روسی جارحیت، ماحولیات، ٹیکنالوجی اور دو طرفہ تجارت جیسے نکات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
جنوبی کوریا کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن جاپان جائیں گے جہاں وہ وزیراعظم فومیو کشیدہ سے ملاقات کریں گے اور خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
صدر جوبائیڈن ٹوکیو میں ہونے والی انڈو پیسیفک اکنامک فریم ورک کی لانچنگ تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ فریم ورک امریکا، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان پر مشتمل ہوگا۔