کراچی: (ویب ڈیسک) گلوکار عاطف اسلم نے مداحوں سے ان کے والد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔
عاطف اسلم نے گزشتہ رور انسٹاگرام اسٹوری پر بتایا کہ کچھ روز قبل ان کے والد کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ عاطف اسلم نے یہ تکلیف دہ خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا پچھلے کچھ روز کافی مشکل تھے۔ لیکن آپ سب کی محبت اور تعاون سے میرے والد دل کے دورے سے صحت یاب ہورہے ہیں۔
عاطف اسلم نے کہا میں آج آن لائن نہیں آسکوں گا تاہم میں اپنے والد کے صحت یاب ہونے کے بعد آپ تمام لوگوں سے ملاقات کا منصوبہ بنارہا ہوں۔ عاطف اسلم نے تمام مداحوں کا انہیں ویڈیوز، گانے اور خوبصورت ایڈیٹس بھیجنے کے لیے بھی شکریہ ادا کیا اور کہا جب میرے والد صحت یاب ہوجائیں گے تو میں آپ کے تمام پیغامات پڑھوں گا۔
پوسٹ کے آخر میں عاطف اسلم نے تمام مداحوں سے درخواست کی کہ انہیں اور ان کے والد کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں کیونکہ آپ سب کے بغیر میں کچھ نہیں۔